QR CodeQR Code

سندھ حکومت دیہی و شہری علاقوں کو نظر انداز کر رہی ہے

سندھ میں طرز حکمرانی خراب ہی نہیں ناکام ہے، وزیراعظم عمران خان

6 Dec 2019 22:52

اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم کو سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے ضمن میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دیہی و شہری علاقوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ شرکاء نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے شواہد بھی ملے ہیں، صوبائی حکومت کی زیادتیاں ایک طرف سندھ میں وفاقی ادارے بھی تعاون نہیں کرتے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سندھ میں گورننس خراب ہی نہیں ناکام ہے اور اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے ثبوت ملنے پر یہ سب پریشان ہیں۔ صوبہ سندھ کی سیاسی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی بیٹھک میں پی ٹی آئی کے وفد نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں شرکت کی جب کہ متحدہ قومی موومنٹ سے کشور زہرہ، کنور نوید جمیل، فیصل سبز واری، خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین خان، حمیدالظفر، اور محمد راشد خلجی اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، غوث بخش مہر، ارباب غلام رحیم، مرتضی جتوئی، ایاز پلیجو، صفدر عباسی، ذوالفقار مرزا اور علی گوہر مہر  شامل تھے۔ اس کے علاوہ آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا نے وزیراعلی سندھ  مراد علی شاہ  کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ شرکاء نے وزیراعظم کو سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے ضمن میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دیہی و شہری علاقوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ شرکاء نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے شواہد بھی ملے ہیں، صوبائی حکومت کی زیادتیاں ایک طرف سندھ میں وفاقی ادارے بھی تعاون نہیں کرتے۔ مرادعلی شاہ کے ہوتے ہوئے وفاقی حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوسکے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی مراد علی شاہ کے خلاف شکایات سردارعلی گوہر مہر، ڈاکٹر ذوالفقارمرزا، خرم شیرزمان، حلیم عادل اور دیگر نے کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں گورننس اور سیاسی حالات کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گورننس خراب ہی نہیں ناکام ہے، اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے ثبوت ملنے پر ہی یہ سب پریشان ہیں، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی سے محروم رہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،  وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی، تحریک انصاف کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے، میں کرپشن کے خلاف جہاد کرنے آیا ہوں، کسی سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل دی جائے گی، ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق و امتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 831201

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831201/سندھ-میں-طرز-حکمرانی-خراب-ہی-نہیں-ناکام-ہے-وزیراعظم-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org