QR CodeQR Code

ہم مودی حکومت کو اس کے ناپاک عزائم پورے کرنے کا کبھی موقع نہیں دیں گے، سراج الحق 

6 Dec 2019 23:46

رحیم یارخان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مودی جس نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کروایا اور جسے یورپ اور امریکہ نے دہشت گرد قرار دیا آ ج وہ انہی ممالک کی آنکھ کا تارا ہے اور پاکستانی حکمرانوں کا مذاق اڑا رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکمرانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیر کو بھارتی قبضہ سے آزاد کرانے کے لیے لائحہ عمل دیں یا عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ملتان میڈیا سنٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحیم یار خان میں کشمیر یکجہتی مارچ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کشمیری بھائیوں کی مدد کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔مگر غیور عوام کی قیادت بزدل حکمرانوں کے ہاتھ میں ہے۔ اسلام آباد ایک قبرستان کا منظر پیش کرر ہا ہے۔ سیاسی جماعتیں اپنے اپنے مفادات کی جنگ تو لڑرہے ہیں لیکن کوئی بھی کشمیر پر بات کرنے کے لیے تیار نہیں۔ کشمیری مائیں اور بہنیں مدد کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں، سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے ایک طرف مہنگائی کا عذاب مسلط کرکے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے تو دوسری کشمیریوں کی مدد نہ کرکے نظریہ پاکستان سے غداری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے بابری مسجد کی جگہ رام مندرتعمیر کرنے اور کشمیر کو انڈین یونین کا حصہ بنانے کا الیکشن میں وعدہ کیا تھا اور آج مودی نے دونوں وعدے پورے کردیے۔ انہوں نے کہا مودی جس نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام کروایا اور جسے یورپ اور امریکہ نے دہشت گرد قرار دیا آ ج وہ انہی ممالک کی آنکھ کا تارا ہے اور پاکستانی حکمرانوں کا مذاق اڑا رہا ہے۔

سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ مغربی دریاں سے پانی بند کرکے پاکستان کو بنجر بنانا اور کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا مودی حکومت کا ایجنڈا ہے، لیکن ہمارے حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے کیونکہ ان سب کے پاس امریکہ اور یورپ کی شہریتیں ہیں۔ ان کے کاروبار بھی انہی ممالک میں ہیں اور ان کے بچے بھی غیرملکی ہیں۔حکمران طبقہ بس اس ملک پرمعین قریشی اور شوکت عزیز کی طرح حکومت کرنے کے لیے آتا ہے اور بعد میں غائب ہوجاتاہے لیکن ہم سب نے تو اسی ملک میں رہنا ہے۔ ہم مودی حکومت کو اس کے ناپاک عزائم پورے کرنے کا کبھی موقع نہیں دیں گے، بھلے پاکستانی حکمران اندر کھاتے ان سے جو مرضی سودے بازی کرلیں جس طرح اس خطہ کے غیور عوام نے افغانستان میں روس اور امریکہ کو شکست دی ہے اسی طرح کشمیر ی انڈیا کو سری نگر میں شکست فاش دیں گے۔  سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی 22دسمبر کو اسلام آباد میں آزادی کشمیر مارچ کاا نعقاد کررہی ہے جس میں پورے ملک سے لوگ بڑی تعداد میں شامل ہونگے۔کشمیر آزادی مار چ کا مقصد سوئے حکمرانوں کو جگانا ہے ان حکمرانوں
کو جو اقوام متحدہ میں کشمیر پر ایک پرجوش تقریر کرکے اس مسئلہ کو مکمل طورپر بھول گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسی روز کشمیر پرآئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 831208

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831208/ہم-مودی-حکومت-کو-اس-کے-ناپاک-عزائم-پورے-کرنے-کا-کبھی-موقع-نہیں-دیں-گے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org