QR CodeQR Code

نیتن یاہو کی مشکلات میں مزید اضافہ، صیہونی وزیراعظم کے وکیل پر بھی کرپشن کے الزامات عائد

6 Dec 2019 21:50

پولیس نے 2018ء میں کہا تھا کہ نیتن یاہو کے وکیل اور رشتہ دار ڈیوڈ شمرون سمیت متعدد مشتبہ افراد پر الزامات عاید کرنے کیلئے کافی شواہد موجود ہیں، اس الزام کے بعد نیتن یاہو اسرائیلی تاریخ کے پہلے حاضر سروس کرپٹ وزیراعظم بن گئے۔


اسلام ٹائمز۔ کرپشن، خیانت اور دھوکہ جیسے سنگین الزامات میں گھرے سخت گیر صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کے وکیل پر بھی منی لانڈرنگ کا الزام لگا ہے، جس کے بعد نیتن یاہو کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے اٹارنی جنرل نے کہا کہ عنقریب سبکدوش ہونے والے وزیراعظم نیتن یاہو کے وکیل نے جرمنی کی کمپنی ٹیسن کرپ سے آبدوزیں خریدنے کے سودے میں منی لانڈرنگ کی، جس پر ان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کا ارادہ کیا گیا۔ اسرائیلی وزارت انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس معاملے میں دو دیگر افراد کے ساتھ بدعنوانی کے الزامات دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ان میں سے ایک اہم کاروباری شخصیت ہے، جو اسرائیل میں جرمن کمپنی کی نمائندگی کرتا ہے، جبکہ دوسرا اسرائیلی بحریہ کا سابق عہدیدار تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق گذشتہ ماہ اٹارنی جنرل مینڈل بلٹ نے نیتن یاہو پر رشوت، فراڈ اور بے ایمانی کے الزامات میں فرد جرم عائد کی تھی۔

اسرائیلی وزارت انصاف نے نتن یاہو کے وکیل، ڈیوڈ شمرون، تاجر مائیکل گانور اور سابق سینیئر بحری عہدیدار ایلیزر ماروم سمیت متعدد افراد کو فائل 3000 کے نام سے مشہور کیس مجرم قرار دینے کے اپنے ارادے کا بھی اعلان کیا۔ اسرائیلی پولیس نے جرمنی کی آبدوزیں اور جنگی کشتیاں تیار کرنے والی کمپنی ٹیسن کرپ کے ساتھ ایک دفاعی سودے میں بدعنوانی کے شبہات کی تحقیقات کرلی ہیں۔ اس ڈیل میں تقریباً دو ارب ڈالر کا لین دین کیا گیا۔ پولیس نے 2018ء میں کہا تھا کہ نیتن یاہو کے وکیل اور رشتہ دار ڈیوڈ شمرون سمیت متعدد مشتبہ افراد پر الزامات عاید کرنے کے لیے کافی شواہد موجود ہیں، اس الزام کے بعد نیتن یاہو اسرائیلی تاریخ کے پہلے حاضر سروس کرپٹ وزیراعظم بن گئے۔ نیتن یاہو اسرائیلی تاریخ میں طویل عرصے تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہنے والے سیاست دان ہیں، نیتن یاہو نے اپنے اوپر لگے تمام الزامات من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میرے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کیے گئے اور میں ان تمام مقدمات کا مقابلہ کروں گا۔


خبر کا کوڈ: 831217

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831217/نیتن-یاہو-کی-مشکلات-میں-مزید-اضافہ-صیہونی-وزیراعظم-کے-وکیل-پر-بھی-کرپشن-الزامات-عائد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org