QR CodeQR Code

سکھر، خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع

7 Dec 2019 10:30

احتساب عدالت نے نیب کو ٹھوس ثبوت کے ساتھ خورشید شاہ کو دوبارہ 12 دسمبر کو پیش کرنے حکم دے دیا۔ خورشید شاہ کو احتساب عدالت سے دوبارہ این آئی سی وی ڈی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کو ہفتے کو دوبارہ سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں بارہ دسمبر کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ کو عدالت کی جانب سے دیا گیا چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے پر آج نیب نے دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا۔ خورشید شاہ کو این آئی سی وی ڈی اسپتال سے ایمبولینس میں سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت لایا گیا۔ نیب نے خورشید شاہ کے پندرہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

پی پی رہنما کے وکیل نے عدالات میں کہا کہ خورشید شاہ کو 82 روز ہوگئے، نیب اب تک کوئی شواہد پیش نہیں کرسکا، خورشید شاہ پر کوئی کیس نہیں بنتا، مگر ہم ضمانت نہیں لے رہے، تاکہ نیب مکمل انکوائری کرلے، نیب وکیل نے کہا کہ خورشید شاہ سے تحقیقات کرنے کیلئے چیئرمین نیب سے اجازت طلب کی ہے، اجازت ملنے پر عدالت کو آگاہ کریں گے، خورشید شاہ کے ریمانڈ کو 90 روز مکمل نہیں ہوئے، مزید ریمانڈ دیا جائے، آصف زرداری تو 120 روز سے نیب تحویل میں ہیں۔ احتساب عدالت نے نیب کو ٹھوس ثبوت کے ساتھ خورشید شاہ کو دوبارہ 12 دسمبر کو پیش کرنے حکم دے دیا۔ خورشید شاہ کو احتساب عدالت سے دوبارہ این آئی سی وی ڈی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 831247

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831247/سکھر-خورشید-شاہ-کے-جوڈیشل-ریمانڈ-میں-مزید-5-روز-کی-توسیع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org