QR CodeQR Code

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا ادارہ التنزیل کے دفتر کا دورہ

موجودہ دور میں قرآن کے آفاقی پیغام کی ترویج ناگزیر ہوچکی ہے، عارف حسین

7 Dec 2019 11:31

قرآن کریم کے مطابق نوجوانوں کی تربیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر علامہ علی عباس نقوی نے کہا کہ قرآن کریم کو خصوصاً جوانوں کی کتاب زندگی کی حیثیت سے پیش کرنے کیلئے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے، کیونکہ قرآن کریم نئی فکر دیتا ہے، احسن الحدیث ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کریم میں تدبر کیا جائے، جو ابھی تک معاشرے میں رواج نہیں پا سکا۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے نو منتخب مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے وفد کے ہمراہ ادارہ التنزیل کا دورہ کیا اور علامہ ڈاکٹر علی عباس نقوی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں تعلیمات قرآن کی ترویج کیلئے ملت کے ہر جوان تک قرآن، کتاب انقلاب کے آفاقی پیغام کو پھیلانے کیلئے باہمی تعاون کا عزم کیا۔ عارف حسین الجانی نے ادارہ التنزیل کی تعلیمات قرآن کی ترویج کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دورِ حاضر میں قرآن کریم کے آفاقی و انقلابی پیغام کی تبلیغ و ترویج ناگزیر ہوچکی ہے، اس سلسلہ میں سرگرم عمل تمام ادارے قابل ستائش ہیں اور آئی ایس او پاکستان بھی نوجوانوں کی تربیت تعلیمات قرآن کے مطابق استوار کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔

نوجوان نسل کی قرآن کریم کے مطابق تربیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر علامہ علی عباس نقوی نے کہا کہ قرآن کریم کو خصوصاً جوانوں کی کتاب زندگی کی حیثیت سے پیش کرنے کیلئے عملی جدوجہد کی ضرورت ہے، کیونکہ قرآن کریم نئی فکر دیتا ہے، احسن الحدیث ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کریم میں تدبر کیا جائے، جو ابھی تک معاشرے میں رواج نہیں پا سکا۔ ڈاکٹر علامہ علی عباس نقوی نے مرکزی صدر آئی ایس او کو تنزیل مطبوعات میں نمایاں کتاب حفظ موضوعی بھی پیش کی۔ وفد میں مرکزی صدر کے ہمراہ سابق مرکزی نائب صدر آئی ایس او ضامن علی اور علی رضا بھی تھے۔


خبر کا کوڈ: 831258

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831258/موجودہ-دور-میں-قرا-ن-کے-ا-فاقی-پیغام-کی-ترویج-ناگزیر-ہوچکی-ہے-عارف-حسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org