0
Saturday 7 Dec 2019 14:33

فیروز والا، دیرینہ دشمنی پر جماعت اسلامی کے 3 رہنما قتل

فیروز والا، دیرینہ دشمنی پر جماعت اسلامی کے 3 رہنما قتل
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا کے قریب مخالفین کی فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار جماعت اسلامی کے 3 رہنما جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین تحصیل فیروز والا کی عدالت سے پیشی کے بعد واپس جا رہے تھے کہ مخالفین کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی اپنے مخالفین سے پرانی دشمنی تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مخالفین نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ملزمان فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت شبیر حسین سرویا، اسد علی ہاشمی اور صداقت علی کے نام سے ہوئی ہے۔ شبیر حسین سرویا جماعت اسلامی کے ایم پی اے کے امیدوار تھے جبکہ صداقت علی جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور اسد علی ہاشمی جماعت اسلامی کے میڈیا کوارڈینیٹر تھے۔ لواحقین نے لاشیں روڈ پر رکھ کر روڈ بلاک کر دی اور احتجاج کرتے رہے۔ دوسری جانب امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے فیروز والا میں تین کارکنوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہمارے کارکنوں کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، قاتلوں نے اس سے قبل مقتول شبیر سرویا کے گھر پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کر دیا تھا، قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 831339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش