QR CodeQR Code

طلبہ تنظیموں، یوتھ آرگنائزیشنز اور سماجی تنظیموں کا وحدتِ اسلامیہ کیلئے متفقہ کردار پر اتفاق

7 Dec 2019 15:54

پاکستان یوتھ کمیونٹی اور این جی او ’’آئیڈیاز 9‘‘ کے زیراہتمام وحدت اسلامی کے فروغ کیلئے خصوصی نشست میں فیصلہ کیا گیا کہ برداشت، رواداری، سماجی ہم آہنگی، بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کیلئے نوجوانوں اور طلباء و طالبات کی شراکت کو ملکی یوتھ پالیسی کاحصہ بنایا جائے گا اور نوجوانوں کے وفود کو تمام مسالک کی عبادتگاہوں اور مدارس تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ علماء کے ساتھ ملکر وحدتِ امت کے عمل کو فروغ دے سکیں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پاکستان یوتھ کمیونٹی اور این جی او ’’آئیڈیاز 9‘‘ کے زیراہتمام وحدت اسلامی کے فروغ کیلئے خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ایچی سن کالج کے شعبہ اسلامیات کے سربراہ پروفیسر حافظ ظفراللہ شفیق، صدر نشین البصیرہ اسلام و مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان سید ثاقب اکبر، جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے پاکستان سید صفدر شاہ گیلانی، جمعیت اتحاد علماء کی جانب سے مفتی عمر یونس، ڈائریکٹر البصیرہ اسلام نثار ترمذی، صدر آئیڈیاز 9 اسد رضا اعوان، پاکستان یوتھ کمیونٹی کے صدر احمد طور، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہمنا علی زین، مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے سجاد نقوی اور اسلامی جمعیت طلبہ کے شجاع الحق سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

نشست میں وحدت اسلامی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد قراردادیں پاس کی گئی جن میں کہا گیا کہ تمام طلبہ تنظیمیں، یوتھ آرگنائزیشنز اور سماجی تنظیمیں وحدتِ ملتِ اسلامیہ کیلئے اپنی کوششوں کو مزید بڑھائیں گی، وحدتِ ملت کے عنوان سے پروگرامات اور پراجیکٹس کو فروغ دیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ تمام طلبہ و یوتھ تنظیموں کی جانب سے بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے پیغام کو اپنے ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے گا اور گلوبل ہارمنی فورم کا قیام عمل میں لایا جائے گا جو تمام طلبہ تنظیموں، یوتھ آرگنائزیشن، علماء کرام، حکومتی اداروں اور میڈیا کے درمیان رابطے اور کوآرڈینیشن کا کام انجام دے گا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ برداشت، رواداری، سماجی ہم آہنگی، بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کیلئے نوجوانوں اور طلباء و طالبات کی شراکت کو ملکی یوتھ پالیسی کاحصہ بنایا جائے گا اور نوجوانوں کے وفود کو تمام مسالک کی عبادتگاہوں اور مدارس تک رسائی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ علماء کے ساتھ ملکر وحدتِ امت کے عمل کو فروغ دے سکیں اور وحدتِ امت کیلئے ہر سطح پر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔


خبر کا کوڈ: 831347

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831347/طلبہ-تنظیموں-یوتھ-آرگنائزیشنز-اور-سماجی-کا-وحدت-اسلامیہ-کیلئے-متفقہ-کردار-پر-اتفاق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org