QR CodeQR Code

راولپنڈی میں بدمعاشی کو نہیں بلکہ علم کو عزت ملی، شیخ رشید

7 Dec 2019 20:59

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے بہت زیادہ خوشی ہوئی کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھی ہے جو موجودہ حکومت کی کامیابی ہے، تیسری یونیورسٹی مارچ میں بن جائے گی جس کے بعد راولپنڈی میں 4 یونیورسٹیاں ہوجائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع ڈیڑھ مہینے میں آئینی حیثیت حاصل کرلے گی۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے بہت زیادہ خوشی ہوئی کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھی ہے جو موجودہ حکومت کی کامیابی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے ایک فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی تھی، دوسری یونیورسٹی سکستھ روڈ پر بنائی اور تیسری یونیورسٹی مارچ میں بن جائے گی جس کے بعد راولپنڈی میں 4 یونیورسٹیاں ہوجائیں گے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ راولپنڈی کا تعارف اچھے ہسپتالوں اور اچھے تعلیمی اداروں میں ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن آئے تھے انہوں نے کہا تھا کہ میں استعفیٰ لیے بغیر نہیں جاؤں گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اب مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں دسمبر میں بہت کچھ ہوگا لیکن یہ نہیں بتاتے کون سے دسمبر میں ہوگا۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی، الیکشن کمیشن کے معاملات بھی طے پائیں گے۔

انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع بھی ڈیڑھ مہینے میں آئینی حیثیت حاصل کرلے گی۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم نے اس شہر میں کسی قبضہ گروہ یا بدمعاشی کی سیاست کو سر نہیں اٹھانے دیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ جب ہم نے سیاست شروع کی تو ملک بھر میں تعلیم کے لحاظ سے راولپنڈی کا 24 واں نمبر تھا آج ہم پہلے نمبر پر ہیں، ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا کیونکہ ہمارے شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ راولپنڈی میں بدمعاشی کو نہیں بلکہ علم کو عزت ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گورننس، مہنگائی، بے روزگاری کے مسائل کو دور کریں گے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مشن تھا کہ وہ 100 روز میں بہتر نتائج لائے گی اور وہ لائے گی لیکن میں پہلے روز سےکہتا تھا کہ 3 سال میں ہم اس شہر کی شکل کو بدل دیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا بہت ذمہ دار ہے اتنا مضبوط ہے کہ خواہ آرمی چیف کا کیس ہو، الیکشن کمشنر یا وزیراعظم کا میڈیا اس پر ببانگ دہل تبصرے کرتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 831379

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831379/راولپنڈی-میں-بدمعاشی-کو-نہیں-بلکہ-علم-عزت-ملی-شیخ-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org