QR CodeQR Code

نئے اضلاع کا قیام جی بی حکومت کے اختیار میں نہیں، وزارت امور کشمیر

8 Dec 2019 10:43

جی بی حکومت کو لکھے گئے ایک لیٹر میں وزارت امور کشمیر نے جی بی میں چار نئے اضلاع کے قیام کی سمری پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ نئے اضلاع کے قیام کیلئے آرڈر میں ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے نہیں ہو سکتی۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں چار نئے اضلاع کا قیام لٹک گیا، وزارت امور کشمیر نے صاف کہہ دیا ہے کہ اضلاع کا قیام صوبائی حکومت کے اختیار میں نہیں، ساتھ ہی آرڈر میں ترمیم سے بھی معذوری ظاہر کر دی ہے۔ جی بی حکومت کو لکھے گئے ایک لیٹر میں وزارت امور کشمیر نے جی بی میں چار نئے اضلاع کے قیام کی سمری پر نئے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ نئے اضلاع کے قیام کیلئے آرڈر میں ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے نہیں ہو سکتی، کشمیر افیئرز کی جانب سے گلگت بلتستان حکومت کو لکھے گئے ایک خط میں شگر، کھرمنگ، ہنزہ، نگر اضلاع کے قیام کی تفصیلات مانگنے کے ساتھ یہ بھی استفسار کیا گیا ہے کہ اب جو اضلاع بنائے جا رہے ہیں ان نئے چار اضلاع کیلئے آبادی کا تناسب اور پیمانہ کیا ہوگا اور پھر ان نئے اضلاع میں کتنی تحصیلوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ وزارت امور کشمیر کے خط میں کہا گیا ہے کہ نئے اضلاع کے قیام کیلئے جس لینڈ ریونیو ایکٹ 1967ء کا حوالہ دیا جاتا ہے یہ ایکٹ دیگر چاروں صوبوں میں نافذ ہے، ساتھ ہی گلگت بلتستان تک بھی توسیع دی گئی ہے تاہم نئے اضلاع کے قیام کیلئے اس ایکٹ میں ترمیم کرنا پڑے گی۔

ایکٹ میں ترمیم کے بغیر جی بی حکومت کیسے اضلاع بنا سکتی ہے۔ اس سے پہلے اضلاع کا قیام وزیر اعظم پاکستان کے احکامات کے ذریعے اور گورننس آرڈر 2009ء میں ترمیم کے بعد ہی عمل میں لایا گیا تھا، لیکن حالیہ نئے اضلاع کے قیام کیلئے صوبائی حکومت نے اس ایکٹ میں کوئی ترمیم نہیں کی۔ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ چونکہ آرڈر 2019ء پر عملدرآمد کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات تھے تاہم وفاقی حکومت نے عملدرآمد کیلئے مزید مہلت کی درخواست عدالت میں دائر کی ہے جو کہ زیر سماعت ہے، اس درخواست پر جب تک حتمی فیصلہ نہیں آتا نئے اضلاع کے قیام کیلئے آرڈر میں ترمیم نہیں ہو سکتی۔ لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ چار نئے اضلاع کا قیام خالص انتظامی اور اقتصادی معاملہ ہے، اس لیے سوال اٹھتا ہے کہ چار نئے اضلاع کے لیے فنڈز کے معاملے پر فنانس ڈویژن یا حکومت پاکستان سے کوئی بات چیت کی ہے، کیا فنانس ڈویژن نے منظوری دی ہے؟ یاد رہے کہ گلگت بلتستان حکومت نے چار نئے اضلاع کے قیام کے حوالے سے کابینہ کی میٹنگ بھی بلا رکھی ہے، لیکن آرڈر میں ترمیم سے قبل اضلاع کا قیام ممکن نظر نہیں آ رہا۔ نئے اضلاع کے قیام کیلئے آرڈر میں ترمیم کرنا ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 831449

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831449/نئے-اضلاع-کا-قیام-جی-بی-حکومت-کے-اختیار-میں-نہیں-وزارت-امور-کشمیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org