QR CodeQR Code

مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے غیر ملکی افواج کا فوری انخلاء ضروری ہے، مولانا عبدالغفور حیدری

8 Dec 2019 17:55

پارٹی رہنما سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے مرکزی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ عمران نیازی کا مائنس ہونا ملک و ملت کیلئے لازمی ہو چکا ہے، موجودہ حکمرانوں کو مزید وقت دینا قوم کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہوگا، حکمرانوں کو اب نکال کر ہی دم لیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران نااہل اور نالائق ہیں، ملک کی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا گیا ہے، عمران نیازی کا مائنس ہونا ملک و ملت کیلئے لازمی ہو چکا ہے، موجودہ حکمرانوں کو مزید وقت دینا قوم کے ساتھ ظلم و زیادتی کے مترادف ہوگا، حکمرانوں کو اب نکال کر ہی دم لیں گے، مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ غیر ملکی فوجیں فوراً انخلاء کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ نااہل اور ناکام حکمران مایوسی اور فرسٹیشن کا شکار ہو چکے ہیں، کروڑوں نوکریاں اور گھر دینے کا وعدہ کرنے والے حکمرانوں نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا اور غریبوں کے لاکھوں گھروں کو مسمار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران صرف نااہل ہی نہیں بلکہ نالائق بھی ہیں، اس لیے ان سے کوئی ادارہ چلایا نہیں جا رہا۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملک کی معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے اور بے روزگاری اور مہنگائی کے باعث عوام کا جینا محال ہوگیا ہے، حکمران صرف سب ٹھیک ہے کا کھوکھلا نعرہ لگارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4 ماہ سے کشمیر میں دہشت اور وحشت کا موحول ہونے کے باعث غیر یقینی کی صورتحال ہے، 144 نافذ کرکے مظلوم کشمیریوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے، کشمیری عوام پاکستان کو پکار رہی ہے مگر ہمارے حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں غیر ملکی افواج کی موجودگی میں کبھی امن امان قائم نہیں ہو سکتا، خطے میں قیام امن کیلئے غیر ملکی فوجیوں کا انخلاء ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 831515

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831515/مشرق-وسطی-میں-قیام-امن-کیلئے-غیر-ملکی-افواج-کا-فوری-انخلاء-ضروری-ہے-مولانا-عبدالغفور-حیدری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org