QR CodeQR Code

طلبہ میں قائدانہ صلاحتیں اجاگر کرنے کیلئے سیاسی ماحول دینا ضروری ہے، محفوظ مشہدی

8 Dec 2019 19:41

جے یو پی کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان ووٹ کے ذریعے حاصل کیا گیا اور خود بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی سرپرستی کی، جس میں بڑے بڑے سیاستدان اور صحافی پیدا ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شیخ رفیق مرحوم اور نوائے وقت کے بانی حمید نظامی مرحوم بھی ایم ایس ایف کے عہدیدار تھے جنہوں نے ملکی سیاست اور صحافت میں اہم کردار ادا کیا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ نون کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے سٹوڈنٹس یونینز کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ نئی نسل کو جمہوریت سے روشناس کروانے اور ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے کیلئے سیاسی ماحول دینا ضروری ہے، جس کیلئے یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اعلی سطح کی کلاسوں میں طلبہ یونینوں کے انتخابات کے لئے حکومت کو لائحہ عمل تیار کرنا چاہیے۔ لاہور میں طلبا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محض ادبی محفلوں کی بنیاد پر طلبہ کو سیاسی سرگرمیاں دینا مناسب نہیں ہوگا، اس کیلئے تعلیمی اداروں میں باقاعدہ طور پر انتخابات کروائیں جائیں اور طلبہ یونین کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی بھی ملنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ ماضی میں ضیاء الحق کے طویل مارشل کے بعد بے نظیر بھٹو دور میں طلبہ یونینوں کو بحال کیا گیا اور ان کے انتخابات بھی کروائے گئے لیکن افسوس متحارب طلبہ تنظیموں خاص طور پر ایم ایس ایف، اسلامی جمعیت طلبہ، انجمن طلبا اسلام اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کی پنجاب اور دیگر صوبوں میں باہمی عداوت کی وجہ سے متعدد طلباء کو اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا، جس کے بعد حکومت نے طلبہ یونینز پر پابندی عائد کر دی تھی۔ محفوظ مشہدی نے مطالبہ کیا کہ طلبہ تنظیموں کو یونین انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق تیار کرنا چاہیے جس کی تمام تنظیمیں پابندی کریں اور تعلیمی اداروں میں سیاسی جماعتوں کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے، طلباء کی سیاست صرف طلبہ تک ہی محدود رکھی جانی چاہیے، تعلیمی اداروں میں سیاستدانوں کی مداخلت کو روکا جائے، اگر ایسا ہوا تو نتیجہ وہی نکلے گا جو پہلے طلبہ یونینز کاہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ووٹ کے ذریعے حاصل کیا گیا اور خود بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی سرپرستی کی، جس میں بڑے بڑے سیاستدان اور صحافی پیدا ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما شیخ رفیق مرحوم اور نوائے وقت کے بانی حمید نظامی مرحوم بھی ایم ایس ایف کے عہدیدار تھے جنہوں نے ملکی سیاست اور صحافت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح سے طلباء سیاست میں بڑے نام رضا ربانی، جاوید ہاشمی، لیاقت بلوچ، سراج الحق بھی قومی سیاست میں کردار ادا کر رہے ہیں اور مختلف جماعتوں میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو تعلیمی اداروں میں ہونیوالی طلبہ سیاست میں عدم مداخلت کی یقین دہانی کروانی چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 831523

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831523/طلبہ-میں-قائدانہ-صلاحتیں-اجاگر-کرنے-کیلئے-سیاسی-ماحول-دینا-ضروری-ہے-محفوظ-مشہدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org