QR CodeQR Code

بھارت کشمیر میں اسرائیلی طرز پر مظالم کر رہا ہے، آصف اشرف جلالی

8 Dec 2019 19:51

ٹی ایل وائی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افسوس کے مظلوم کشمیریوں کی چیخ و پکار سننے سے سب نے کان بند کر رکھے ہیں۔ 127 دن گزر جانے کے باوجود کسی کو کشمیریوں پہ رحم نہیں آ رہا۔ امریکہ سے امن سرٹیفکیٹ لینے کیلئے ہماری حکومت کو اور کتنا بے حس ہونا پڑے گا، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی لٹتی عصمتوں پر مزید کتنی دیر خاموشی سے ہمیں امن پسند قرار دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی  نے کہا ہے کہ وعدے کے باوجود 127 دن سے کشمیریوں پر پڑتی ظلم کی اینٹوں کے جواب میں حکومت پاکستان کو جواب دینے کیلئے کوئی پتھر نہیں مل سکا، اقوام متحدہ میں عمران خان کی کی گئی تقریر کا کوئی تیر تو نہ چل سکا اب بزور شمشیر ہی مسئلہ کشمیر کا حل باقی رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کے مظلوم کشمیریوں کی چیخ و پکار سننے سے سب نے کان بند کر رکھے ہیں۔ 127 دن گزر جانے کے باوجود کسی کو کشمیریوں پہ رحم نہیں آ رہا۔ امریکہ سے امن سرٹیفکیٹ لینے کیلئے ہماری حکومت کو اور کتنا بے حس ہونا پڑے گا، ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کی لٹتی عصمتوں پر مزید کتنی دیر خاموشی سے ہمیں امن پسند قرار دیا جائے گا۔

اشرف آصف جلالی نے کہا کہ کشمیریوں کی دلیری اور مسلم حکمرانوں کی ہیرا پھیری دونوں ہی حیران کن ہیں، بھارت کشمیر میں وہی داستان ظلم رقم کر رہا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں کی ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی جائیدادیں ہتھیا کر وہاں ہندووں کو آباد کر رہا ہے۔ کشمیریوں کو خیمہ بستیوں میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ گریٹر اسرائیل کے ایجنڈے کی طرح بھارت مہا بھارت کے ایجنڈے پر آگے بڑھ رہا ہے مگر افسوس یہ ہے پاکستان امن امن کی رٹ لگا رہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں قیام امن کیلئے بھارت کے جنگی جنون کو مزہ چکھانا ضروری ہے۔


خبر کا کوڈ: 831526

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831526/بھارت-کشمیر-میں-اسرائیلی-طرز-پر-مظالم-کر-رہا-ہے-ا-صف-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org