0
Sunday 8 Dec 2019 15:51

کوئٹہ میں تشنج کیخلاف مہم، دوسرے مرحلے میں 5 لاکھ خواتین کی ویکسینیشن کی جائیگی

کوئٹہ میں تشنج کیخلاف مہم، دوسرے مرحلے میں 5 لاکھ خواتین کی ویکسینیشن کی جائیگی
اسلام ٹائمز۔ ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر سعید احمد میروانی نے کہا ہے کہ 9 دسمبر سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں تشنج کے خلاف شروع ہونے والی حفاظتی ٹیکوں کی دوسری چھ روز مہم کے دوران پانچ لاکھ سے زائد خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ حفاظتی ٹیکہ جات روزانہ کی بنیاد پر مراکز صحت میں لگائے جاتے ہیں، کیونکہ شعور و آگاہی کی کمی کے باعث بلوچستان بھر میں خواتین تک رسائی کا واحد ذریعہ خصوصی مہم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوکل پرسن محکمہ صحت غلام سرور، ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹر یونیسف کوئٹہ ارشاد احمد لہڑی، عابد کاسی، نعمان بشیر، بلال مینگل سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سعید میروانی نے کہا کہ ضلع کوئٹہ میں 9 سے 14 دسمبر تک ایم این ٹی آئی پروگرام چھ روز تک جاری رہے گا، اس دوران پندرہ سال سے 49 سال کی عمر کی بچیوں اور خواتین کو تشنج سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔

اس سلسلے میں ضلع کوئٹہ کو پچاس یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے اور پچاس میڈیکل افسران کی نگرانی میں 636 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو گرلز ہائی اسکولز، گرلز کالجز، یونیورسٹیز، خواتین کی دستکاری کے اداروں سمیت گھر گھر جاکر خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، علماء کرام، سماجی کارکن، صحافیوں اور تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ جان لیوا بیماری کا تدارک ممکن ہو۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تشنج سے بچاؤ کی پہلی مہم کے دوران تین لاکھ سے زائد خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے، اس مہم میں جو باقی رہ گئے، ان کیلئے دوبارہ مہم شروع کی جائے گی جبکہ تیسری مہم جون 2020ء میں ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 831556
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش