QR CodeQR Code

اتفاق رائے سے 2 ماہ کے لیے نیا وزیراعظم لایا جائے جو اصلاحات کرے اور عام انتخابات کرائے، احسن اقبال

9 Dec 2019 07:14

نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رہنماء کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی زبان سے نکالا ہوا ایک ایک لفظ خود کو سننا پڑ رہا ہے، عمران خان کی وجہ سے پاکستان کی معیشت نیچے جارہی ہے اور ان کی وجہ سے تو خود پی ٹی آئی بھی نیچے جارہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں 3 لوگ ایسے ہیں جو وزیراعظم بننا چاہتے ہیں اور شیروانیاں تیار کر کے بیٹھے ہیں۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  عمران خان کو اپنی زبان سے نکالا ہوا ایک ایک لفظ خود کو سننا پڑ رہا ہے، عمران خان کی وجہ سے پاکستان کی معیشت نیچے جارہی ہے اور ان کی وجہ سے تو خود پی ٹی آئی بھی نیچے جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اتفاق رائے سے 2 ماہ کے لیے نیا وزیراعظم لایا جائے جو انتخابی اور اقتصادی اصلاحات لائے اور اس کے بعد نئے عام انتخابات کرائے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کے حلیف خود بھی بہت پریشان ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ عمران خان 4 سے 5 غیر منتخب پیاروں میں گھرے ہوئے ہیں جس کے باعث پی ٹی آئی کے منتخب ارکان بھی اس بات سے پریشان ہیں۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان معیشت سے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں، منہگائی بد ترین سطح پر ہے، تاجر پریشان ہیں، ہمارا کوئی مائنس ون ایجنڈا نہیں بلکہ صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں، عمران خان مزید 6 ماہ رہ گئے تو پاکستان ناقابل اصلاح ہوجائے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تحریک انصاف میں تین لوگ ایسے ہیں جو وزیراعظم بننا چاہتے ہیں اور شیروانیاں تیار کر کے بیٹھے ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر اور دیگر ارکان کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے جس کے باعث اپوزیشن معاملہ سپریم کورٹ لے گئی ہے جبکہ اس وقت ملکی ذرائع ابلاغ پر حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے مائنس ون سے متعلق بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 831585

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831585/اتفاق-رائے-سے-2-ماہ-کے-لیے-نیا-وزیراعظم-لایا-جائے-جو-اصلاحات-کرے-اور-عام-انتخابات-کرائے-احسن-اقبال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org