QR CodeQR Code

وفاقی حکومت آرڈر 2019ء پر عملدرآمد کرے، گلگت بلتستان کابینہ

9 Dec 2019 11:51

صوبائی کابینہ کا 20 واں اجلاس وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن کی زیر صدارت سی ایم سیکرٹریٹ میں ہوا۔ صوبائی کابینہ نے متفقہ طور پر وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلے کی روشنی میں جی بی میں اصلاحات کے حوالے سے جوائنٹ سیشن بلایا جائے، وزیر اعظم ہاوس میں گلگت بلتستان اسمبلی، کابینہ اور جی بی کونسل کے اراکین کو بلا کر اصلاحات کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے اور اصلاحات کا مسودہ جوائنٹ سیشن میں پیش کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کابینہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق آرڈر 2019ء پر فوری عملدرآمد اور سپریم اپیلیٹ کورٹ جی بی میں جوڈیشل کمیشن کے ذریعے ججز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے۔ صوبائی کابینہ کا 20 واں اجلاس وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن کی زیر صدارت سی ایم سیکرٹریٹ میں ہوا۔ صوبائی کابینہ نے متفقہ طور پر وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے صوبائی اختیارات کو چیلنج نہ کیا جائے اور محاذ آرائی کا ماحول بنائے بغیر جی بی کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے نئے اضلاع کے لئے وفاقی حکومت اپنا رسمی ترمیمی فریضہ ادا کرے۔ کابینہ نے اپنے اجلاس میں واضح کیا کہ صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ کسی بھی قسم کی محاذ آرائی نہیں چاہتی۔ آرڈر 2019ء کے نفاذ کے حوالے سے حکومت گلگت بلتستان نے وفاقی حکومت کو آفر دی ہے کہ وفاقی حکومت آرڈر 2019ء کو صوبائی اسمبلی اور گلگت بلتستان کونسل کے جوائنٹ سیشن سے منظور کروائے۔

وفاقی حکومت نے آج تک اس پر سنجیدہ جواب نہیں دیا۔ آج کا یہ کابینہ اجلاس اپنے متفقہ فیصلے سے وفاقی حکومت کو باور کرواتا ہے کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلے کی روشنی میں جی بی میں اصلاحات کے حوالے سے جوائنٹ سیشن بلایا جائے، وزیر اعظم ہاوس میں گلگت بلتستان اسمبلی، کابینہ اور جی بی کونسل کے اراکین کو بلا کر اصلاحات کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے اور اصلاحات کا مسودہ جوائنٹ سیشن میں پیش کیا جائے۔ حکومت گلگت بلتستان وفاقی حکومت سے اب آئینی اصلاحات کا تقاضہ کرتی ہے۔ یاد رہے کہ پہلی پرتبہ جی بی حکومت نے باقاعدہ طور پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق آرڈر 2019ء پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے، اس سے پہلے صوبائی حکومت نون لیگ کے دور میں وجود میں آنے والے آرڈر 2018ء کو ہی ترجیح دیتی رہی ہے۔ 


خبر کا کوڈ: 831641

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831641/وفاقی-حکومت-ا-رڈر-2019ء-پر-عملدرا-مد-کرے-گلگت-بلتستان-کابینہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org