0
Monday 9 Dec 2019 14:45

پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن چکے ہیں، ہم فارورڈ بلاک کا ساتھ دینگے، فردوس شمیم نقوی

پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن چکے ہیں، ہم فارورڈ بلاک کا ساتھ دینگے، فردوس شمیم نقوی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بننے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بطور پارٹی فارورڈ بلاک کا ساتھ دیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ جب سے عمران خان کی حکومت بنی ہے، لوگ یا ڈر رہے ہیں یا وطن سے بھاگ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخی حقیقت بتاؤں کہ شکار شیرنی کرتی ہے، شیر نہیں کرتا لیکن اب تو شیرنی بھی جانے کی بات کرنے لگی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ صاحب، آپ نے شکایت کی کہ مجھے نامراد نہ کہا جائے، ہم آپ کو نامراد کب کہتے ہیں، اپنے آپ کو کہتے ہیں، آپ کی حرکتیں ایسی ہیں کہ پورا سندھ نامراد ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے وزیراعلیٰ سے متعلق کا کہا کہ گلزار صاحب نے آپ کو کرپٹ ترین صوبے کا سرٹیفکیٹ دیا ہے اور آپ اس کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کی باری آنے والی ہے، اس لئے گھبرا گھبرا کر ایسی باتیں کر رہے ہیں، آپ کی چھوٹ نہیں ہونے والی کیونکہ ہم عمران خان سے یہی پیغام لینے گئے تھے۔

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے ان سے پوچھا کہ سندھ میں کرپشن پنجاب سے زیادہ ہے اور جنہوں نے سندھ بینک کا دیوالیہ نکالا اور کراچی شہر کو کچھ نہیں دیا، کیا آپ ایسے لوگ سے ڈیل کرنے جا رہے ہیں اور کیا ان کا احتساب نہیں ہوگا تو انہوں نے کہا کہ آپ سب کو یقین ہونا چاہیئے عمران خان کرسی بچانے نہیں نکلا بلکہ ملک بچانے نکلا ہے، اگر ان کرپٹ لوگوں کو نہیں پکڑا گیا تو وہ غداری کا مرتکب ہوگا، لیکن عمران خان غدار نہیں ہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ یہ بڑی واضح بات ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں روز بروز دھڑے بنتے جا رہے ہیں، خود انہوں نے کہا ہے کہ آغا سراج درانی غدار ہے اور اب اجلاس میں نہیں بلاتے ہیں۔ پی پی پی میں فارورڈ بلاک بننے کا دعویٰ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اور صاحب کھڑے ہیں اور کہتے ہیں کہ میرے ساتھ سمجھوتہ اور تعاون کرو، میں تمھاری مرضی کے کام کروں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ میں آج اعلان کر رہا ہوں کہ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن چکے ہیں اور صحیح وقت آنے پر وہ فارورڈ بلاک کام کریں گے اور ہم بطور پی ٹی آئی اس فارورڈ بلاک کا ساتھ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سجھتے ہیں کہ سندھ کے لئے مراد علی شاہ سے زیادہ خراب آدمی کوئی نہیں ہے، انہوں نے پچھلے 12 سال میں وزیر خزانہ کے طور پر کام کیا اور اب وزیراعلیٰ کے طور پر کر رہے ہیں، ان سے زیادہ ناکام اور کرپٹ آدمی کوئی نہیں ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پولیس افسر ڈاکٹر رضوان نے شکارپور پریس کلب میں کہا کہ اس علاقے کے جرائم کے پیچھے اس علاقے کے سرداروں اور خانوں کا ہاتھ ہے، اس لئے جرائم کم نہیں ہوتے، لیکن وقت آنے پر ان پر ہاتھ ڈالوں گا۔
خبر کا کوڈ : 831702
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش