QR CodeQR Code

پاکستان میں رہزنوں نے رہبر بن کر ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے، حامد رضا

9 Dec 2019 19:30

چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کو عوامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ ایجنڈا تیار کرنا چاہئے۔ پی ٹی آئی اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے پر توجہ دے، ڈیڑھ سال کی حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے، ہر ناکامی کا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال دینا مناسب نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد اکبر نقشبندی کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ن لیگ کا ووٹ کو عزت دو اور پی ٹی آئی کا این آر او نہ دینے کا بیانیہ دم توڑ چکا ہے، حکومت اور اپوزیشن سیاسی جنگ چھوڑ کر عوام کے بارے میں بھی کچھ سوچ لیں، مایوسی کے اندھیروں میں ڈوبی قوم کسی خوشخبری کی منتظر ہے، پاکستان میں رہزنوں نے رہبر بن کر ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے، بلاامتیاز احتساب ملک و قوم کی ناگزیر ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی ورکنگ ریلیشن شپ کی ضرورت ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عوام کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملک مہنگائی اور بے روزگاری کی آگ میں جل رہا ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومت اور اپوزیشن کی رسہ کشی سے عوام بیزار اور مایوس ہے۔ حزب اقتدار اور حزب اختلاف کو عوامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ ایجنڈا تیار کرنا چاہئے۔ پی ٹی آئی اپنے انتخابی وعدے پورے کرنے پر توجہ دے، ڈیڑھ سال کی حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے، ہر ناکامی کا ملبہ سابقہ حکومتوں پر ڈال دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب قوم کو کھوکھلے نعروں، وعدوں اور دعووں سے بہلایا نہیں جا سکتا، ملکی وسائل پر دو فیصد اشرافیہ قابض ہے اور اقتدار و جمہوریت کو مخصوص خاندانوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 831737

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831737/پاکستان-میں-رہزنوں-نے-رہبر-بن-کر-ملک-کو-بے-دردی-سے-لوٹا-ہے-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org