QR CodeQR Code

لاہور، سلسلہ راشدیہ قادریہ کا 2 روزہ اجتماع اختتام پذیر

10 Dec 2019 11:38

علماء مشائخ کا کہنا تھا کہ خانقاہوں میں آج بھی اللہ والے موجود ہیں، جو لوگوں کا تزکیہ نفس کرنے اور ان کو معاشرہ کا کارآمد شہری اور نیک سیرت انسان بنانے میں مصروف ہیں، آج اگر نسل نو میں ایمان اور دین داری ہے تو یہ انہی خانقاہوں اور علماء کا فیضان ہے، جب تک یہ خانقاہیں اور دینی مدارس موجود ہیں اس وقت تک باطل قوتیں لوگوں کے اندر سے دین داری ختم نہیں کر سکتیں۔


اسلام ٹائمز۔ جامع مسجد مولانا احمد علی لاہوریؒ شیرانوالہ گیٹ اندرون لاہور شہر میں عالمی انجمن خدام الدین کے مرکزی امیر مولانا میاں محمد اجمل قادری کی زیر سرپرستی منعقد ہونیوالا سلسلہ راشدیہ قادریہ کا سالانہ دو روزہ اجتماع اختتام پذیر ہوگیا۔ اجتماع میں آزاد کشمیر سمیت ملک بھر سے نامور علماء و مشائخ اور متعلقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجتماع سے پروفیسر ڈاکٹر علامہ خالد محمود، مولانا محمد اجمل قادری، مولانا محمد اکمل قادری راشدی، مولانا بشیر احمد شاد، مولانا پیر ناصر حسن، مولانا قاضی ارشد الحسینی، مولانا عبدالرحمن بہلوی، صاحبزادہ مولانا احمد علی ثانی، صاحبزادہ عمیر عبدالہادی، مولانا مفتی ریاض جمیل اور مولانا ڈاکٹر شاہد اویس نقشبندی سمیت دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔
 
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی اصلاح اور قیام امن میں خانقاہوں، دینی مدارس اور علماء کرام کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانقاہوں میں آج بھی اللہ والے موجود ہیں، جو لوگوں کا تزکیہ نفس کرنے اور ان کو معاشرہ کا کارآمد شہری اور نیک سیرت انسان بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر نسل نو میں ایمان اور دین داری ہے تو یہ انہی خانقاہوں اور علماء کا فیضان ہے، جب تک یہ خانقاہیں اور دینی مدارس موجود ہیں اس وقت تک باطل قوتیں لوگوں کے اندر سے دین داری ختم نہیں کر سکتیں۔ اجتماع سے مولانا عبدالحمید، مولانا عبدالرب امجد، مولانا خالد محمود ازہر، مولانا عباس غازی اور دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 831846

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831846/لاہور-سلسلہ-راشدیہ-قادریہ-کا-2-روزہ-اجتماع-اختتام-پذیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org