QR CodeQR Code

سندھ کیساتھ بہتر تعلقات امریکی ترجیحات میں شامل ہے، امریکی قونصل جنرل

10 Dec 2019 18:58

میرپورخاص، عمرکوٹ اور مٹھی میں امریکی قونصل جنرل نے مقامی تاجروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقات کی اور باہمی تجارت، تعلیم، جبری مشقت اور آزادی صحافت جیسے معاملات پر گفتگو کی۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی قونصل خانہ کراچی کی ایک ٹیم نے گزشتہ دنوں جنوبی سندھ کے اضلاع کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستانی عوام کے ساتھ امریکی دوستی کا عزم دہرایا۔ اپنے دورے کے متعلق بتاتے ہوئے قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین کا کہنا تھا کہ امریکا ویسے بھی سندھ کے ساتھ بہت سارے شعبوں خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہت کام کر رہا ہے اور آگے بھی سندھ کی معاشی خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔ میرپورخاص، عمرکوٹ اور مٹھی میں امریکی قونصل جنرل نے مقامی تاجروں، سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقات کی اور باہمی تجارت، تعلیم، جبری مشقت اور آزادی صحافت جیسے معاملات پر گفتگو کی۔ امریکی قونصل خانہ کی ٹیم نے اسلام کوٹ میں موجود صحت مرکز کا دورہ بھی کیا، جس کی عمارت کی تزئین و آرائش حال ہی میں یو ایس ایڈ کی جانب سے کی گئی، اس کے علاوہ یو ایس ایڈ کی جانب سے عمرکوٹ اور میرپورخاص میں موجود 10 صحت مراکز کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ تھرپارکر کے 45 صحت مراکز میں زچہ و بچہ کی صحت کیلئے سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں، ان مراکز میں 100 صحت کارکنان کو تربیت بھی دی گئی ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے مٹھی میں موجود NED یونیورسٹی میں کیمپس کے پہلے بیچ اور ہائی اسکول کے طلبا کے ساتھ ملاقات بھی کی اور انہیں امریکا میں موجود تعلیمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی، اس سال 7،900 پاکستانی طلبا و طالبات امریکا میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ امریکی قونصل جنرل نے ضلع تھرپارکر میں موجود کوئلے کی فیلڈ کے بلاک ٹو کا دورہ بھی کیا، جہاں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کوئلہ نکال رہی ہے، جو کہ بعد میں بجلی پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے توانائی کے ذرائع اور بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے امریکی کمپنیوں کی خدمات لینے سے متعلق خیالات کا تبادلہ کیا۔ امریکا اور سندھ کے مضبوط تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل رابرٹ سلبرسٹین نے اس بات کو دہرایا کہ سندھ کے ساتھ بہتر تعلقات امریکا کیلئے ترجیحات میں شامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 831934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831934/سندھ-کیساتھ-بہتر-تعلقات-امریکی-ترجیحات-میں-شامل-ہے-قونصل-جنرل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org