QR CodeQR Code

بے چین، بے صبرے اور بوڑھے ٹرمپ ہمیں اشتعال دلا رہے ہیں، شمالی کوریا

10 Dec 2019 19:36

شمالی کوریا کے سفیر برائے امریکا کم سونگ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا سے مذاکرات میں جوہری ہتھیاروں کی تلفی کا نکتہ حذف ہوچکا ہے اور اب ہمیں امریکا کے ساتھ طویل وقتی مذاکرات کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہی ہے جس میں امریکا کا واحد مقصد مزید وقت حاصل کرنا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ شمالی کوریا نے امریکی صدر کو بوڑھا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے چین اور بے صبرے ٹرمپ متنازع بیانات دیکر ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش رہے ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان لفظی گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے، صدر ٹرمپ نے جدید اور خطرناک میزائل کے تجربات اور کم جونگ ان کی جانب سے آئندہ ہونے والے صدارتی الیکشن میں مداخلت کی کوشش پر شمالی کوریا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تو شمالی کوریا کے حکام بھی خاموش نہ رہ سکے۔ امریکا سے مذاکرات کرنے والی شمالی کوریا کی ٹیم کے سربراہ کم یونگ کول نے صدر ٹرمپ کو دماغ سے عاری بے پروا شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کے بیان میں جھنجھلاہٹ سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ اب وہ بوڑھے ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے سفیر برائے امریکا کم سونگ نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا سے مذاکرات میں جوہری ہتھیاروں کی تلفی کا نکتہ حذف ہوچکا ہے اور اب ہمیں امریکا کے ساتھ طویل وقتی مذاکرات کرنے کی ضرورت ہی نہیں رہی ہے جس میں امریکا کا واحد مقصد مزید وقت حاصل کرنا تھا۔ واضح رہے کہ امریکا اور شمالی کوریا کے سربراہان کے درمیان دو ملاقاتیں ہوچکی ہیں، ویتنام میں ہونے والی دوسری ملاقات کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگئی تھی جس کے بعد شمالی کوریا نے میزائل تجربات کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ ان تجربات سے دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ تلخی پیدا ہوگئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 831945

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831945/بے-چین-صبرے-اور-بوڑھے-ٹرمپ-ہمیں-اشتعال-دلا-رہے-ہیں-شمالی-کوریا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org