QR CodeQR Code

گلگت انتظامیہ کیجانب سے کرپشن کیس کے سزا یافتہ ملزم کی قیمتی زمین ہتھیانے کی کوشش ناکام

10 Dec 2019 20:58

بگ بورڈ سکینڈل میں سزا یافتہ ملزم کی منجمد کردہ قیمتی زمین کو ہتھیانے کیلئے گلگت انتظامیہ نے دوسری جگہ سستی زمین نیلام کرکے نیب کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی۔ اس انکشاف کے بعد نیب نے عدالت سے رجوع کرکے نیلامی کو منسوخ کروا دیا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت انتظامیہ کی جانب سے کرپشن کیس کے سزا یافتہ ملزم کی قیمتی زمین ہتھیانے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ بگ بورڈ سکینڈل میں سزا یافتہ ملزم کی منجمد کردہ قیمتی زمین کو ہتھیانے کیلئے گلگت انتظامیہ نے دوسری جگہ سستی زمین نیلام کرکے نیب کورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی۔ اس انکشاف کے بعد نیب نے عدالت سے رجوع کرکے نیلامی کو منسوخ کروا دیا۔ یہ ہیرا پھیری اس وقت سامنے آئی جب نیب حکام نے نیلامی سے حاصل رقم معلوم کی تو انتہائی کم قیمت لگائی گئی تھی۔ تحقیقات پر پتہ چلا کہ کلکٹر گلگت جو آکشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، انہوں نے اصل زمین کی جگہ سستی زمین نیلام کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بگ بورڈ سکینڈل کے ایک ڈائریکٹر کی گلگت میں موجود قیمتی جائیداد جس کو نیب نے منجمد کرتے ہوئے نیلامی کا حکم دیا تھا، لیکن اس جائیداد کی بجائے کہیں اور سستی زمین نیلام کر کے نیب کورٹ میں رپورٹ جمع کروا دی گئی، اس انکشاف کے بعد نیب نے احتساب عدالت میں اعتراضات داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ آکشن کمیٹی نے نیب کی منجمد کردہ زمین کی بجائے کسی اور خسرے کی زمین، جس کی قیمت بھی بہت کم تھی، کو نیلام کیا ہے، جس پر احتساب عدالت نے نیب کے اعتراضات کو درست تسلیم کرتے ہوئے آکشن کمیٹی پر برہمی کا اظہار کیا اور آکشن کمیٹی کی کارروائی کو کالعدم قرار دے کر منسوخ کر دیا۔ عدالت نے کلکٹر گلگت کو حکم دیا کہ وہ نیب کی جانب سے منجمد کردہ زمین کو 6 جنوری تک نیلام کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ نیب حکام نے بگ بورڈ سکینڈل کے سزا یافتہ ملزم کا نپورہ بسین میں موجود ذاتی مکان اور ایک کنال زمین منجمد کر دی تھی اور نیب کورٹ میں مذکورہ جائیداد کی نیلامی کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ فاضل عدالت نے کلکٹر گلگت کو متعلقہ جائیداد نیلام کرنے کا حکم دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیلامی کے بعد نیب حکام پر یہ انکشاف ہوا کہ اصل زمین کی بجائے کوئی اور زمین نیلام کی گئی ہے۔ بگ بورڈ سکینڈل کے سزا یافتہ مجرم کی جائیداد بہت قیمتی تھی، لیکن اس کی جگہ سستی زمین کو نیلام کیا گیا۔ جس پر نیب نے فاضل عدالت میں اعتراضات اٹھائے، عدالت نے اس نیلامی کو منسوخ کر دیا۔ اس جائیداد کی نیلامی سے حاصل رقم متاثرین میں تقسیم کی جانی تھی۔ یاد رہے کہ نوسربازوں کے ایک گروہ نے سکردو میں بگ بورڈ کے نام سے جعلی بنک قائم کرکے عوام سے 20 کروڑ روپے لوٹ لیے تھے۔


خبر کا کوڈ: 831955

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/831955/گلگت-انتظامیہ-کیجانب-سے-کرپشن-کیس-کے-سزا-یافتہ-ملزم-کی-قیمتی-زمین-ہتھیانے-کوشش-ناکام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org