0
Tuesday 10 Dec 2019 11:38

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کروائے جائیں، علی رضا سید

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق بحال کروائے جائیں، علی رضا سید
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق بحال کروائے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے کہا ہے کہ دنیا اس دن پر کشمیریوں کو ہرگز فراموش نہ کرے، جو گذشتہ ایک سو اٹھائیس دنوں سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں اور بھارت نے انہیں ان کے بنیادی شہری حقوق سے بھی محروم کر رکھا ہے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کروائیں اور اس مقبوضہ علاقے کے مظلوم عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کریں۔ علی رضا سید نے اس عالمی دن یعنی دس دسمبر کو "کشمیریوں کے حقوق کی یاد دہانی کا دن" قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی آزاد قومیں اس موقع پر حق خودارادیت سے محروم اور بھارتی ظلم کی چکی میں پسنے والے مظلوم کشمیریوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یاد دلواتے رہیں گے کہ کشمیری کتنے مظلوم ہیں، خاص طور پر یورپ میں مسئلہ کشمیر کے بارے میں ہماری آگاہی مہم اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک کشمیریوں کا ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کشمیری اپنے حق خودارادیت سے سات دہائیوں سے محروم ہیں اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، لیکن جب سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں کا محاصرہ شروع کیا ہے، کشمیریوں کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، بھارتی محاصرے سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوا ہے، کشمیریوں کا رابطہ رہتی دنیا سے ختم ہوگیا ہے، ان کی صحت، عبادت اور ان کے بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقبوضہ خطہ پہلے ہی انسانی حقوق کی پامالیوں کا شاہد تھا، لوگوں پر اظہار رائے کی پابندی تھی اور ظلم اتنا تھا کہ پرامن مظاہرے کرنے والوں پر براہ راست گولی چلائی جاتی تھی، حتیٰ کہ انہیں پیلٹ گن سے نشانہ بنایا جاتا تھا، جس سے کئی لوگ اپنی آنکھوں سے محروم ہوگئے۔

 علی رضا سید نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن اور خوشحالی مسئلہ کشمیر کے مناسب حل کے بغیر ممکن نہیں۔ پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ دوطرفہ مذاکرات کا ابھی تک کوئی فائدہ نہیں ہوا، لہٰذا اب ضروری ہوگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی ثالثی ہونی چاہیئے اور کشمیریوں کو بھی مذاکرات کے عمل میں شامل کیا جائے۔ چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے عالمی طاقتوں بالخصوص امریکا اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کے مسائل کو مدنظر رکھیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت پر پابندیاں لگائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پر دباؤ ڈالا جائے، تاکہ وہ کشمیریوں کے حقوق کی پامالی بند کرے اور بغیر تاخیر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔
خبر کا کوڈ : 831960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش