0
Wednesday 11 Dec 2019 18:38
پی آئی سی پر حملہ دراصل حکومت پر حملہ ہے، ڈاکٹر اشرف نظامی

پی ایم اے نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو رینجرز کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا

پی ایم اے نے پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو رینجرز کے حوالے کرنے کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر قانون کی نااہلی کی وجہ سے آج کا شرمناک واقعہ رونماء ہوا، اِن کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو رینجرز کے حوالے کیا جائے بصورت دیگر ہسپتالوں میں کام جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ پاکستان  میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں پنجاب انسٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلاء گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پی ایم اے کے عہدے داران کا کہنا تھا کہ چند شرپسند وکلاء کی طرف سے مسلح غنڈہ گردی کی قبیح حرکت نے پاکستان کو بنانا ری پبلک بنا دیا ہے، ہسپتال امن اور تقدیس کی علامت ہیں اور زندگی بانٹتے ہیں، دوران جنگ دشمن بھی ہسپتالوں پر حملہ آور نہیں ہوتے، مسلح وکلاء نے آج ہسپتال پر حملہ کر کے دشمنوں سے بھی بدتر روپ اختیار کیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

پی ایم اے عہدیدارن نے کہا کہ پی آئی سی پر حملہ دراصل حکومت پر حملہ ہے اور حکومت اپنے فرائض منصبی ادا کرنے میں بُری طرح ناکام ہوئی ہے، ہم وزیراعظم سے صورتحال کا فوری نوٹس لینےکا مطالبہ کرتے ہیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر قانون کی نااہلی کی وجہ سے آج کا شرمناک واقعہ رونماء ہوا، اِن کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے اور پنجاب بھر کے ہسپتالوں کو رینجرز کے حوالے کیا جائے بصورت دیگر ہسپتالوں میں کام جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ دوسری طرف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے پی ایم اے لاہور کا ہنگامی اجلاس کل 3:00 بجے سہ پہر پی ایم اے ہاؤس لاہور میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں ڈاکٹر ملک شاہد شوکت جنرل سیکرٹری پی ایم اے لاہور، ڈاکٹر اظہار احمد چودھری، پروفیسر ڈاکٹر تنویر انور، ڈاکٹر ارم شہزادی، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق، ڈاکٹر احمد نعیم، ڈاکٹر طارق محمود میاں، ڈاکٹر سعید احمد چودھری، ڈاکٹر سلمان کاظمی، ڈاکٹر رانا سہیل، ڈاکٹر طلحہ شیروانی، ڈاکٹر حماد رفیق اور ڈاکٹر عمران شاہ نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 832079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش