QR CodeQR Code

 پاکستانی حکومت نے کشمیرکو بھلا دیا، عمران خان نے سلامتی کونسل میں تقریر کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی ملتان 

11 Dec 2019 15:00

 مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملتان میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ  سنگ مر مر کے محلات میں بیٹھے بے حس حکمرانوں کو خواب غفلت کی نیند سے بیدار کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے22دسمبر کو جماعت اسلامی اسلام آباد میں کشمیر مارچ کررہی ہے۔


اسلام تائمز۔ جماعت اسلامی ملتان کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظلم وبربریت کے خلاف کلمہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ جس کی قیادت ضلعی سیکرٹری جنرل چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات کنور محمد صدیق، اسرار حسین، چودھری محمد امین، عبدالرحمن حیدری نے کی۔ مظاہرین نے بینرز، پلے کارڈز اٹھار کھے تھے جن پر بھارتی ظلم و بربریت اور کشمیریوں کی حمایت میں نعرے درج تھے ۔مظاہرین نے زبردست نعرے بازی کی۔ جماعت اسلامی ملتان کے سیکرٹری جنرل چودھری اطہر عزیز ایڈووکیٹ، کنور محمد صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ128دنوں سے کرفیو نافذ ہے، نہ خوراک ہے، نہ ادویات دستیاب ہیں، بجلی اور انٹرنیٹ بھی بند ہے، کشمیری اپنے مرنے والوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں۔ انسانی حقوق کے دعویدار عالمی ادارے پاکستان سمیت مسلمان حکمرانوں کی بے حسی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے کشمیرکو بھلا دیا ہے عمران خان نے سلامتی کونسل میں تقریر کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ جمعہ کو چند منٹوں کا احتجاج بھی ختم ہوگیا ہے۔ جماعت اسلامی واحد پارٹی ہے جو کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور رکوانے کیلئے مسلسل میدان عمل میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگ مر مر کے محلات میں بیٹھے بے حس حکمرانوں کو خواب غفلت کی نیند سے بیدار کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے22دسمبر کو جماعت اسلامی اسلام آباد میں کشمیر مارچ کر رہی ہے جس میں جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر سے لاکھوں افراد شریک ہونگے۔ 


خبر کا کوڈ: 832089

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832089/پاکستانی-حکومت-نے-کشمیرکو-بھلا-دیا-عمران-خان-سلامتی-کونسل-میں-تقریر-کرنے-کے-علاوہ-کچھ-نہیں-کیا-جماعت-اسلامی-ملتان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org