QR CodeQR Code

 اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو تحریک اساتذہ پنجاب 21دسمبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنادے گی، اساتذہ رہنما 

11 Dec 2019 15:13

ملتان میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کو بلدیاتی اداروں کے حوالے کرنے کی بجائے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، جو بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں کی گلیاں، سڑکیں، سیوریج، سٹریٹ لائٹس جیسے مسائل پانچ سالوں میں نہیں بنوا سکتے تعلیمی اداروں کو ان کے حوالے کرنا تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سرکاری تعلیمی اداروں کو بلدیات کے حوالے کرنے کے فیصلے کے خلاف تحریک اساتذہ ملتان ڈویژن کے زیراہتمام نواں شہر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، فیصلہ واپس نہ لئے جانے پر پنجاب اسمبلی کے سامنے 21دسمبر کو احتجاجی دھرنا دینے اور روزانہ کی بنیاد پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کا اعلان کیا گیا، اساتذہ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے سرکاری تعلیمی اداروں کو بلدیات کے حوالے کرنے کے ممکنہ فیصلے پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، اساتذہ رہنماوں نے اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کو یادداشت بھی پیش کی کہ سرکاری تعلیمی اداروں کو کسی صورت بلدیات کے حوالے نہ کیا جائے۔ مظاہرے میں ملتان، لودھراں، خانیوال، وہاڑی، میلسی، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، جلالپور پیروالہ ،شجاع آباد سمیت دیگر علاقوں سے کثیر تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔ جبکہ احتجاجی مظاہرے کی قیادت تحریک اساتذہ ملتان ڈویژن کے چیئرمین رانا الطاف حسین، ڈسٹرکٹ ہیڈ ماسٹرایسوسی ایشن کے صدر عابد فرید بزدار نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ رہنماوں رانا الطاف حسین، عابد فرید بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کو بلدیاتی اداروں کے حوالے کرنے کی بجائے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، جو بلدیاتی نمائندے اپنے علاقوں کی گلیاں، سڑکیں، سیوریج، سٹریٹ لائٹس جیسے مسائل پانچ سالوں میں نہیں بنوا سکتے تعلیمی اداروں کو ان کے حوالے کرنا تعلیم دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، گذشتہ 70برسوں سے تعلیم کے شعبہ میں تجربات کی وجہ سے ہی شرح خواندگی انتہائی کم ہو کر رہ گئی ہے، ہم تعلیم کے میدان میں بہت پیچھے ہیں حکومت کو چاہیئے کہ وہ تعلیمی اداروں کو بلدیات کے حوالے کرنے کی بجائے تعلیم کے شعبہ میں بہتری لانے کے لئے خصوصی طور پر فنڈز جاری کرے نہ کہ اساتذہ کو سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کیا جائے، اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو تحریک اساتذہ پنجاب، ملتان ڈویژن 21دسمبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے پر مجبور ہو جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 832090

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832090/اگر-مطالبات-تسلیم-نہ-کئے-گئے-تحریک-اساتذہ-پنجاب-21دسمبر-کو-اسمبلی-کے-سامنے-احتجاجی-دھرنادے-گی-رہنما

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org