0
Wednesday 11 Dec 2019 15:22

پی آئی سی تصادم، وزیراعظم نے بھی نوٹس لے لیا، 6 مریضوں کی ہلاکت کی اطلاع

پی آئی سی تصادم، وزیراعظم نے بھی نوٹس لے لیا، 6 مریضوں کی ہلاکت کی اطلاع
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی  میں کئی وکلا کی جانب سے کئی گھنٹوں تک ہنگامہ آرائی کے بعد آخرکار پنجاب پولیس حرکت میں آگئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچھ وکلا کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق پی آئی سی کے سامنے والی سڑک کو کھول دیا گیا ہے۔ تھوڑی دیر تک صورتحال پر قابو پا لیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق متعدد شرپسند موقع سے فرار بھی ہوگئے ہیں۔ ادھر وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں پی آئی سی میں پیش آنیوالے واقعے کی چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وکلاء نے پی آئی سی پر دھاوا بولا اور ہسپتال کے شیشے توڑ دیئے جبکہ کچھ وکلا ہسپتال کے اندر داخل ہوئے اور توڑ پھوڑ کی جس کے باعث ڈاکٹر ہسپتال کو چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے اور اب چھ مریضوں کے طبی امداد نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہونے کی کی اطلاعات ہیں۔

وکلاء نے پی آئی سی میں سکیورٹی کیلئے موجود پولیس کی گاڑی کو بھی آگ لگا دی جبکہ ہسپتال کے باہر بھاری تعداد میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، پولیس نے وکلاء کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ وکلاء کی سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہو گئی ہیں جس میں وہ سرعام اسلحہ لے کر گھوم رہے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت عثمان بسرا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت حملہ آوروں کیخلاف کارروائی کرے گی، ہسپتال میں عام شہری نہیں، سارے مریض تھے۔ عثمان بسرا نے کہا ہے کہ حملہ آوروں نے ڈاکٹروں کو نشانہ بنایا، حملہ آوروں نے سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دیر میں صورتحال کنٹرول میں آ جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 832092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش