QR CodeQR Code

سعودی عرب میں نصب امریکی دفاعی نظام پھر ناکام

11 Dec 2019 21:57

سعودی عرب کیلئے یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ یمن کے حملوں کے سامنے امریکی ساختہ اس کا دفاعی نظام مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے۔ یمن کے حوثی قبائل کے تازہ میزائل حملے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں کوئی جانی نقصان تو نہیں مگر حوثیوں کے میزائل اس ہسپتال کی دیوار سے ٹکرائے کہ جہاں زخمی فوجیوں کا علاج کیا جاتا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ یمن کے میزائل حملوں کے سامنے سعودی عرب میں نصب امریکی میزائل سسٹم ایک مرتبہ پھر ناکام ثابت ہوا ہے، حالانکہ اس میزائل ڈیفنس سسٹم کو سعودی عرب نے انتہائی مہنگے داموں امریکہ سے خریدا ہے اور اس سسٹم سے متعلق امریکہ کا دعویٰ ہے کہ یہ نظام میزائل حملے روکنے میں انتہائی موثر ہے مگر سعودی عرب کیلئے یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ یمن کے حملوں کے سامنے امریکی ساختہ اس کا دفاعی نظام مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے۔ یمن کے حوثی قبائل کے تازہ میزائل حملے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق سعودی عرب میں کوئی جانی نقصان تو نہیں مگر حوثیوں کے میزائل اس ہسپتال کی دیوار سے ٹکرائے کہ جہاں زخمی فوجیوں کا علاج کیا جاتا تھا۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان کے علاقے حرث میں یہ ہسپتال واقع ہے کہ جہاں سعوی عرب یمن کے زخمی فوجیوں کا علاج کیا جاتا تھا۔ 

سعودی پریس نوٹ کے مطابق یمنیوں کے میزائل ہسپتال کی دیوار سے ٹکرائے، جس کے نتیجے میں ہسپتال کی بیرونی دیواروں اور شیشوں کو نقصان پہنچا مگر اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شہری دفاع کے ترجمان کرنل یحی عبد اللہ القحطانی نے بتایا ہے کہ ایک میزائل فضا میں ہی ناکارہ ہوا، جس کے ٹکڑے اسپتال کی چھت پر گرے ہیں اور کچھ گولے اسپتال کی دیوار سے بھی ٹکرائے ہیں۔ جس حصے میں گولے گرے، وہاں خوش قسمتی سے مریض اور شہری موجود نہیں تھے۔ واضح رہے کہ شمالی یمن کی سرحد کے نزدیک واقع صوبے جازان میں اس سے قبل بھی یمن کے حوثیوں کی جانب سے متعدد بار میزائل داغے گئے، جن میں سے تین مرتبہ تو ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کمپنی بھی ان حملوں میں نقصان اٹھا چکی ہے۔ آرامکو پہ ہونے والے حملے کے بعد تجزیہ نگاروں کی رائے تھی کہ امریکہ سعودی عرب میں یمنیوں کے میزائل حملے روکنے میں اسی طرح عاجز ہے کہ جس طرح اسرائیل حزب اللہ کے راکٹ حملے روکنے میں ناکام ہے۔


خبر کا کوڈ: 832150

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832150/سعودی-عرب-میں-نصب-امریکی-دفاعی-نظام-پھر-ناکام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org