0
Wednesday 11 Dec 2019 21:54

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر کی دو روزہ تصویری نمائش کا آغاز

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے خوبصورت مناظر کی دو روزہ تصویری نمائش کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے زیر اہتمام گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے خوبصورت اور دلکش مناظر کی تصویری نمائش کا آغاز اسلام آباد میں ہو گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تصویری نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ پی این سی اے اسلام آباد میں ''میری زمین، میرے لوگ'' کے عنوان سے منعقدہ اس نمائش میں 100 بہترین تصاویر رکھی گئی ہیں، جس کا انتخاب ایس سی او نے ملک بھر سے موصول شدہ دو ہزار سے زائد تصاویر سے کیا ہے۔ نمائش میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے حسین قدرتی مناظر، لوک ورثہ، روایتی فن تعمیر اور روزمرہ معمولات زندگی میں مصروف لوگوں کی تصاویر کے ساتھ ان دور دراز علاقوں میں حقیقی زندگی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ افتتاح کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میری زمین، میرے لوگ کے خوبصورت خیال کے ساتھ فوٹو گرافی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے، جس سے ہماری باصلاحیت نوجوان نسل کو اپنے فن کے ذریعے اس پاک دھرتی کی قدرتی خوبصورتی، ثقافتی اقدار، رسم و رواج، روایات اور تاریخ کے اظہار اور فروغ کا موقع ملا ہے۔

صدر پاکستان نے اپنے وطن اور اپنی نوجوان نسل کے روشن چہرہ کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے ایس سی او کی کاوشوں کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اس منفرد نمائش کے انعقاد کے پس منظر میں یہی قابل فخر جذبہ اور امید کار فرما ہے۔ ایس سی او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او کی جانب سے اس کاوش کا بنیادی مقصد ان دور دراز خطے کے نوجوانوں کی ہنرمندانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے صحت مند اور سازگار ماحول پیدا کرتے ہوئے ان کے فن کو قومی سطح پر متعارف کرانا ہے، فوٹوگرافی کی یہ نمائش ای سی او کے عنوان ''میری زمین، میرے لوگ'' کے تحت پروگراموں کے سلسلے کی دوسری کڑی ہے، اس سے قبل ایس سی او کی جانب سے پی این سی اے میں پینٹنگ کی نمائش منعقد کی جا چکی ہے۔ افتتاحی تقریب میں سفارت کاروں، اعلیٰ سرکاری حکام، صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ یہ نمائش دو روز تک پی این سی اے میں جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 832152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش