QR CodeQR Code

پاراچنار میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کی کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں

11 Dec 2019 22:41

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے پروفیسر جمیل کاظمی، معین علی، محمد جمیل اور دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور اس بدترین ظلم و بربریت پر نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ نے قبائلی عمائدین کے ہمراہ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا انعقاد کیا۔ شہر کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے گورنمنٹ اسرار شہید ہائی سکول پاراچنار کے طلبہ اور اساتذہ نے اس حوالے سے ریلی نکالی، جس میں کثیر تعداد میں طلبہ اور اساتذہ سمیت قبائلی عمائدین نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر انسانی حقوق کے حوالے سے نعرے درج تھے، ریلی کے شرکاء اسرار شہید ہائی سکول سے ہوتے ہوئے پریس کلب پاراچنار پہنچے، جہاں پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے پروفیسر جمیل کاظمی، معین علی، محمد جمیل اور دیگر مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور اس بدترین ظلم و بربریت پر نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے عالمی طاقتوں خصوصاً مسلمان ممالک سے کشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی پامالی ختم کرنے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا، دوسری جانب سرحدی علاقے تری منگل میں بھی سکولوں کے طلبہ اور اساتذہ نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف وزریوں اور بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 832165

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832165/پاراچنار-میں-مختلف-تعلیمی-اداروں-کے-طلبہ-اور-اساتذہ-کی-کشمیریوں-کیساتھ-اظہار-یکجہتی-کیلئے-ریلیاں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org