QR CodeQR Code

بیرون ملک فرار اشتہاریوں کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کروانے اور ریڈ وارنٹ جاری کروانے کا حکم

12 Dec 2019 08:43

آر پی او نے ہدایت کی ہے کہ انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث مجرمان اشتہاریوں کی ٹریول ہسٹری چیک کریں، مجرمان اشتہاری جو اپنے آپکو قانون کے سامنے پیش نہیں کر رہے، ان کی جائیداد کی قرقی اور نیلامی کیلئے کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ سرگودہا ریجن کے تھانوں میں درج دہشت گردی کے مقدمات کی پراگرس کے حوالے سے ایک میٹنگ آر پی او آفس سرگودہا میں منعقد کی گئی۔ اجلاس میں ڈی ایس پی لیگل سرگودہا ریجن ثناء ﷲ خان اور انسداد دہشت گردی کے مقدمات پر مامور تفتیشی افسروں نے شرکت کی۔ آر پی او سرگودہا افضال احمد کوثر نے تفتیشی افسروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بنائیں، تمام مقدمات کی تفتیش بروقت میرٹ پر مکمل کریں، انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث مجرمان اشتہاریوں کی ٹریول ہسٹری چیک کریں، مجرمان اشتہاری جو اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش نہیں کر رہے، ان کی جائیداد کی قرقی اور نیلامی کیلئے کوششیں کریں، جو اشتہاری بیرون ملک فرار ہوگئے ہیں، ان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کروائیں اور ان کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروائیں۔ آر پی او سرگودہا نے کہا کہ ان مقدمات کی پراگرس کے حوالے سے دوبارہ اجلاس سات دنوں کے بعد منعقد کیا جائے گا، جس میں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

دریں اثنا افضال احمد کوثر نے ویڈیو لنک اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز کو کرائم کنٹرول کرنے اور سکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ آر پی او نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چاروں اضلاع کے ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسر و اہلکار پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔ کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آر پی او سرگودہا نے کہا کہ ہمارے پاس کارکردگی کے سوا کوئی چارہ نہیں، ایف آئی آرز کا بروقت اندراج کریں، ایسی ایف آئی آرز جو بچوں یا عورتوں کے اغواء، جنسی زیادتی اور فعل خلاف وضع فطری سے متعلق ہوں، غیر ملکی باشندوں خصوصاً چائنیز کی سکیورٹی کو رہائش، کام کرنے والی جگہ اور ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرتے وقت از سر نو مرتب کریں، سنگین مقدمات کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں اور مقدمات کی تفتیش میں بہتری لائیں۔


خبر کا کوڈ: 832208

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832208/بیرون-ملک-فرار-اشتہاریوں-کے-شناختی-کارڈ-اور-پاسپورٹ-بلاک-کروانے-ریڈ-وارنٹ-جاری-کا-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org