QR CodeQR Code

اندازہ نہیں تھا معاملہ اس حد تک خراب ہو جائے گا، ذوالفقار حمید

12 Dec 2019 11:11

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سی سی پی او کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس کو بروقت ہسپتال کے باہر تعینات کر دیا تھا، 2 بار پولیس نے وکلاء کو ہسپتال سے باہر دھکیلا، تیسری بار جب وکلاء نے کوشش کی تو ہمیں زبردستی کرنا پڑی، اور حالات کنٹرول کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس استعمال کی۔ سی سی پی او نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، وکلاء کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ وکلاء پی آئی سی کے باہر آ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے تھے، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ معاملہ اس حد تک پہنچ جائے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں سی سی پی او نے کہا کہ ہم نے پولیس کو بروقت ہسپتال کے باہر تعینات کر دیا تھا، 2 بار پولیس نے وکلاء کو ہسپتال سے باہر دھکیلا، تیسری بار جب وکلاء نے کوشش کی تو ہمیں زبردستی کرنا پڑی، اور حالات کنٹرول کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس استعمال کی۔ سی سی پی او نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں، وکلاء کی گرفتاریاں کی جا رہی ہیں،اس حوالے سے ہم نے سیف سٹی و دیگر ذرائع سے فوٹیج حاصل کر لی ہیں، کچھ وکلاء کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ مزید گرفتاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔

سی سی پی او نے کہا کہ وکلا کو کنٹرول کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال بہت ضروری تھا، ایک طرف کہا جاتا ہے پولیس ایکشن نہیں لیتی، اور اگر ایکشن لے لے تو پھر تنقید بھی کی جاتی ہے کہ پولیس نے تشدد کیوں کیا۔ ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ ہمیں مریضوں کا احساس تھا اس لئے آنسو گیس کے استعمال میں تاخیر کی، پہلے ہم کوشش کرتے رہے کہ آنسو گیس استعمال کرنے کی نوبت نہ آئے مگر وکلاء کے اشتعال نے ہمیں مجبور کر دیا  کہ شیلنگ کریں۔ سی سی پی او نے کہا کہ جو بھی شخص قصور وار پایا جائے گا، اُسے گرفتار کر لیا جائے گا، اس حوالے سے کوئی دباو میں قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وکلاء کو قانون کے مطابق احتجاج ریکارڈ کرانے کی اجازت دی تھی، مگر معاملات کنٹرول سے باہر ہو گئے۔


خبر کا کوڈ: 832243

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832243/اندازہ-نہیں-تھا-معاملہ-اس-حد-تک-خراب-ہو-جائے-گا-ذوالفقار-حمید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org