QR CodeQR Code

بھارتی حکومت کو وقت ضائع کئے بغیر دفعہ 370 کی منسوخی کے اقدام کو واپس لینا چاہیئے، خالد نجیب

12 Dec 2019 13:47

جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ واپس لینے کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے اطراف و اکناف میں ہڑتال جاری ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نے بھارتی حکومت کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے کہا کہ بھارت کے پاس جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن فوری طور پر بحال کرکے کشمیری عوام کا اعتماد اور بھروسہ جیتنے کا سنہری موقعہ ہے۔ این سی نے کہا کہ بھارتی حکومت کو مزید وقت ضائع کئے بغیر دفعہ 370 اور 35 اے کی منسوخی کے اقدام کو واپس لینا چاہیئے۔ این سی کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دفعہ 370 کی تنسیخ کے بغیر جمہوری اور غیر آئینی فیصلے کے دو ماہ بعد بھی کشمیری عوام سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پُرامن احتجاجی ہڑتال کے ذریعے مسلسل ستر روز سے اپنی ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں جو بھارتی حکومت کے لئے چشم کشا ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 سے متعلق بھارتی حکومت کے گمراہ کن پروپیگنڈا سے زمینی حقائق کو بدلا نہیں جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام خصوصی پوزیشن کی غیر آئینی اور غیر جمہوری تنسیخ کے فیصلے کو کبھی بھی قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  بھارتی حکومت نے اپنے غیر آئینی و غیر جمہوری فیصلے کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو دبا کر رکھ دیا ہے اور کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر رکھا ہے۔ ریاست جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ واپس لینے کے خلاف مقبوضہ کشمیر کے اطراف و اکناف میں ہڑتال جاری ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نے بھارتی حکومت کے فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیر کو پھر سے خصوصی درجہ واپس نہ دیا جائے تب تک ریاست کے لوگ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زور و زبردستی کشمیری عوام پر ایسے فیصلے ٹھونسے نہیں جاسکتے ہیں۔ ڈوڈہ جموں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خالد نجیب سہروردی نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاست جموں و کشمیر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے فیصلے کی ہم پُرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی کی کارروائیوں کو بھارتی آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے لوگ تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور اپنی جد و جہد تب تک جاری رکھیں گے جب تک بھارتی حکومت اپنا فیصلہ واپس نہیں لیتی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 832303

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832303/بھارتی-حکومت-کو-وقت-ضائع-کئے-بغیر-دفعہ-370-کی-منسوخی-کے-اقدام-واپس-لینا-چاہیئے-خالد-نجیب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org