0
Thursday 12 Dec 2019 14:19

مجھ پر امریکا کی پابندیاں مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے، راؤ انوار

مجھ پر امریکا کی پابندیاں مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے، راؤ انوار
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ میں محکمہ پولیس کے سابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر راؤ انوار نے اپنے اوپر لگائی گئی امریکی پابندی پر کہا ہے کہ یہ 'مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے'۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں راؤ انوار نے کہا کہ 'امریکا نے اتنا بڑا الزام پاکستان اور مجھ پر لگا دیا کہ یہاں اس طرح کے لوگ رہتے اور غلط کام کرتے ہیں'۔ راؤ انوار نے کہا کہ 'میں پولیس فورسز کا ایک ایس ایس پی تھا اور ہم دہشت گردوں سے لڑتے ہیں، 400، 500 کے قریب یا 440 دہشت گرد تھے تو ان میں سے ایک کی بھی میرے خلاف شکایت نہیں ہے کہ میں نے کسی کو بھی کسی لالچ یا جعلی انکاؤنٹر کے تحت مارا ہے'۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میرے ہٹنے کے 2 سال بعد بھی کوئی شکایت نہیں آئی'۔ راؤ انوار کا کہنا تھا کہ 'اگر ایسی چیز نہیں ہے تو امریکا کو معافی مانگنی پڑے گی نہیں تو اس کو ثابت کرنا پڑے گا، میں اپنے وکیل کے ذریعے امریکا کے خلاف واشنگٹن میں کیس کروں گا اور سفارتخانے میں بھی خط لکھا گا'۔ سابق ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ 'اس طرح ہمارے ملک کو بدنام کرنا، مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے'۔ اپنے ویڈیو پیغام میں سابق ایس ایس پی ملیر کا کہنا تھا کہ 'کوئی ایک ملزم بتادیں جس نے کہا ہو کہ میں ان کے ساتھ تعاون کرتا تھا، تو امریکا کیا مجھے پاکستان میں سزا دے دی جائے'۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'میرا کسی بھی ایک جرائم پیشہ سے کانٹریکٹ ہو تو پاکستان میں مجھے چوراہے پر کھڑا کرکے گولی مار دیں'۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا نے پاکستان میں جعلی پولیس مقابلوں کے لیے بدنام سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 832307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش