0
Thursday 12 Dec 2019 23:21

معاشرہ انتشار اور انارکی کا شکار ہے اور پولیس وی آئی پی ڈیوٹیاں کررہی ہے، سراج الحق 

معاشرہ انتشار اور انارکی کا شکار ہے اور پولیس وی آئی پی ڈیوٹیاں کررہی ہے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ غنڈوں اور بدمعاشوں نے باقاعدہ گینگ بنا رکھے ہیں جو معصوم لوگوں کی عزتوں اور جانوں سے کھیل رہے ہیں مگر حکومت بے بس اور یرغمال ہے، حکومت کی بے بسی کا یہ عالم ہے کہ اب ہسپتالوں میں مریض بھی محفوط نہیں رہے، جماعت اسلامی کے تین کارکنوں کا خون ضائع نہیں جائے گا۔ہمارے کارکنوں کے قاتلوں کے خلاف مختلف تھانوں میں درجنوں مقدمات پہلے سے درج ہیں مگر ان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ ان قاتلوں نے نہ صرف شہر کو بلکہ تھانوں کو بھی یرغمال بنا رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننگل ساہداں مرید کے میں 7دسمبر کو عدالت میں پیشی کے بعد دن دیہاڑے قتل کئے گئے تین کارکنوں کے گھروں میں اظہار تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور مقتولین کے خاندانوں کے افراد اور دیگر رشتہ دار بھی موجو دتھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ناک کے نیچے دن دیہاڑے جی ٹی روڈ پر ہمارے تین کارکنوں کو قتل کردیا گیا مگر ایک ہفتہ کے بعد بھی قاتل گرفتار نہیں ہوسکے جو پنجاب حکومت اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بدترین ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتھے بنا کر لوگوں کی عزتوں اور جانوں سے کھیلنے والے آزاد پھر رہے ہیں، مریدکے سمیت پنجاب کے بہت سے علاقوں کو نوگو ایریا بنا دیا گیا ہے۔معاشرہ انتشار اور انارکی کا شکار ہے اور پولیس وی آئی پی ڈیوٹیاں کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کا کوئی پرسان حال نہیں۔حکومتی ذمہ داران، پولیس اور انتظامیہ کے افسران مقتولین کے خاندانوں، علاقے کے عوام اور ہماری قیادت سے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانیاں کرواتے ہیں مگرعملا ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں، پنجاب میں بدامنی اور بدانتظامی کی وجہ سے سڑکیں محفوظ ہیں نہ ہسپتال، غنڈہ گردی
اور بدمعاشی کا راج ہے، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران روزانہ رات کو سونے سے پہلے عوام کو سبز باغ دکھاتے ہیں، عوام کے جان اور مال غیرمحفوظ ہیں، پنجاب میں لاکھوں پولیس اہلکار ہیں، پولیس عوام کے بجائے وی آئی پیز کی خدمت پر مامور ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کارکنوں کے چھوٹے چھوٹے معصوم بچے اور بچیاں حکمرانوں سے سوال کررہے ہیں کہ انہیں والد کی شفقت سے کیوں محروم کردیا گیا ہے، حکمران بتائیں کہ آپ اور کتنے لوگوں کے بچوں کو یتیم کروائیں گے، انہوں نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ جماعت اسلامی پرامن اور قانون کا احترام کرنے والی جماعت ہے، ہم ظلم کرتے ہیں اور نہ ظلم کو پسند کرتے ہیں، صوبائی اور ضلعی حکومت اور پولیس نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ہمارے ضلعی ذمہ داران سے جو وعدے کئے ہیں ان کو جلد از جلد پورا کیا جائے۔
 
خبر کا کوڈ : 832394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش