QR CodeQR Code

جس طرح قانون کے رکھوالوں نے قانون کی دھجیاں بکھیریں وہ قابل مذمت ہے، پی ایم اے ملتان 

12 Dec 2019 23:30

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم اے کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہم سی ای او ملتان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ڈاکٹر کی ڈیوٹیاں وہاں سے ختم کی جائیں، نشتر ہسپتال، ایم آئی سی، چلڈرن ہسپتال، این آئی ڈی ملتان کے ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں سکیورٹی کی صورتحال نہایت افسوسناک ہے، ہم لوکل انتظامیہ سے سنجیدہ اقدامات کا مظالبہ کرتے ہیں۔ 


اسلام ٹائمز۔ پی ایم اے کے صدر ڈاکٹر مسعود ہراج، ڈاکٹر عباس نقوی، نائب صدر پی ایم پنجاب ڈاکٹر رانا خاور علی، ڈاکٹرعلی وقاص، ڈاکٹر زبیر، ڈاکٹر عبدالخالق، ڈاکٹر ذوالقرنین حیدر، ڈاکٹراقبال طاہر، ڈاکٹروقار نیازی، ڈاکٹررانا عامر اور دیگر ڈاکٹرز وپیرامیڈیکل سٹاف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے (ملتان) و جنوبی پنجاب، گرینڈ ہیلتھ الائنس ملتان تمام صحافی برادری کی مشکور ہے کہ وہ ہمیشہ ہماری آواز میں اپنی آواز ملاتی ہے۔ ہم کل پی آئی سی (لاہور) میں ہونے والی دہشتگردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، کل کا واقعہ تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر دیکھا جائے گا کیونکہ ہسپتال جنگ کے دوران بھی جائے پناہ سمجھے جاتے ہیں۔ جس طرح قانون کے رکھوالوں نے قانون کی دھجیاں بکھیریں وہ قابل مذمت ہے، جنوبی پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں آئوٹ ڈور سروسز مکمل طور پر معطل ہیں، حکومت پنجاب کی کارکردگی پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے جو کہ حالات کا صحیح تجزیہ نہ کر سکی اور نہ ہسپتال کی سکیورٹی کا خاطر خواہ انتظام کر سکی۔ ہم حکومت پنجاب سے فوری طور پر سکیورٹی بل منظور کرنے کا بھرپور مطالبہ کرتے ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا تدارک کیا جاسکے۔ ہائی کورٹ و ڈسٹرکٹ کورٹ میں قائم ڈسپنسریوں میں ہمارے ڈاکٹرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں ان کے لیے کام جاری رکھنا ناممکن ہے، ہم سی ای او ملتان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ڈاکٹر کی ڈیوٹیاں وہاں سے ختم کی جائیں، نشتر ہسپتال، ایم آئی سی، چلڈرن ہسپتال، این آئی ڈی ملتان کے ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں سکیورٹی کی صورتحال نہایت افسوسناک ہے۔ ہم لوکل انتظامیہ سے سنجیدہ اقدامات کا مظالبہ کرتے ہیں۔ ڈاکٹرز و سٹاف اور پیرامیڈکس کام کرنے چاہتے ہیں لیکن موجودہ صورتحال ہم سب حکومت پنجاب اور لوکل انتظامیہ کے لیے لمحہ فکریہ ہے، بہتر طور پر فوری سکیورٹی کا بندوبست کیا جائے تاکہ شعبہ صحت کے لوگوں میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جا سکے۔ وزیراعظم پاکستان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت پنجاب کے ذمہ داران، وزرا و پولیس افسران کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹایا جائے۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں کی سکیورٹی میں اضافہ کیا جائے اور ہسپتالوں میں کام کنے والے ڈاکٹرز اور سٹاف پیرامیڈکس کا سکیورٹی بل آرڈیننس کے ذریعے فوری نافذ کیا جائے۔ اڑتالیس گھنٹے میں اگر مطالبات تسلیم نہ کیا گیا تو ہمارے لیے کام کرنا مشکل ہو جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 832398

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832398/جس-طرح-قانون-کے-رکھوالوں-نے-کی-دھجیاں-بکھیریں-وہ-قابل-مذمت-ہے-پی-ایم-اے-ملتان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org