0
Friday 13 Dec 2019 11:33

برطانوی انتخابات میں 15 پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب

برطانوی انتخابات میں 15 پاکستانی نژاد امیدوار کامیاب
اسلام ٹائمز۔ برطانوی انتخابات میں یوں تو کنزرویٹو پارٹی کی 365 نشستوں کے مقابلے میں لیبر پارٹی صرف 203 نشستوں پر کامیاب ہو سکی تاہم لیبر پارٹی سے 10 اور کنزرویٹو پارٹی سے 5 پاکستانی نژاد برطانوی شہری کامیاب ہوئے۔ برطانوی انتخابات میں لیبر پارٹی سے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں ناز شاہ بریڈ فورڈ سے، خالد محمود برمنگھم سے، یاسمین قریشی ساؤتھ بولٹن سے کامیاب ہوئی ہیں۔ لیبر پارٹی کے پاکستانی نژاد امیدوار افضل خان مانچسٹر کے علاقے گورٹن سے، طاہر علی برمنگھم کے ہال گرین سے، محمد یاسین بریڈ فورڈ شائر سے کامیاب ہوئے ہیں۔ لیبر پارٹی کے امیدوار عمران حسین نے بریڈ فورڈ ایسٹ سے، زارا سلطانہ نے کوونٹری ساؤتھ سے، شبانہ محمود نے برمنگھم لیڈی ووڈ سے، ٹوٹنے سے روزینہ علی نے کامیابی حاصل کی ہے۔ کنزرویٹو پارٹی کی پاکستانی نژاد امیدوار نصرت غنی وئیلڈن سے، عمران احمد بیڈ فورڈ شائر سے، ساجد جاوید برومس گرو سے، رحمٰن چشتی گلنگھم سے اور ثاقب بھٹی میریڈن سے کامیاب ہوئے ہیں۔

حالیہ انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی سے 20، لیبر پارٹی سے 19، لبرل ڈیموکریٹس سے 12، بریگزٹ پارٹی سے 5، گرین پارٹی سے 4 اور 10پاکستانی نژاد آزاد امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔

برطانیہ میں 10 لاکھ سے زائد پاکستانی نژاد شہری موجود ہیں جو سعودی عرب کے بعد دوسری بڑی اوورسیز پاکستانی آبادی ہے۔ ویسٹ مڈلینڈز میں ایک لاکھ 72 ہزار پاکستانی نژاد شہری مقیم ہیں جو برطانیہ کے کسی علاقے سے زیادہ تعداد ہے۔ ایک اندازے کے مطابق لندن اور یارکشائر میں ایک لاکھ 63 ہزار اور برطانیہ کے شمال مغربی علاقے میں ایک لاکھ 33 ہزار پاکستانی نژاد برطانوی شہری مقیم ہیں۔ علاوہ ازیں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ برطانیہ میں 2031ء تک پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کی تعداد 26 لاکھ 30 ہزار تک پہنچ جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 832428
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش