0
Friday 13 Dec 2019 13:38

عمران خان تحفظات دور کرنے کیلئے ہفتے کو سعودی عرب جائیں گے

عمران خان تحفظات دور کرنے کیلئے ہفتے کو سعودی عرب جائیں گے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان ہفتہ(14 دسمبر) کو سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ ریاض کو یقین دہانی کروائیں گے کہ دیگر اسلامی ممالک سے اسلام آباد کی مصروفیات کے باوجود دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا حالیہ دورہ، ریاض کی جانب سے ملائیشیا میں 18 سے 20 دسمبر تک منعقد ہونے والے کوالالمپور (سمٹ) اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت کے فیصلے سے ناخوش ہونے کے اشاروں کے بعد پلان کیا گیا ہے۔ قبل ازیں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ریاض کو منانے کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھیجا تھا جہاں انہوں نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ملاقات کی تھی۔

کوالالمپور سمٹ ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی سوچ ہے، اس اجلاس میں ترک صدر رجب طیب اردوان، قطری امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور ایران کے صدر حسن روحانی بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کے اجلاس میں شرکت کے بھی امکانات ہیں تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ دباؤ کا شکار ہو گئے ہیں اور ان کا کوئی نمائندہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔

تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ملائیشیا کا اقدام کیسا ہے، لیکن سعودی پہلے ہی اس اجلاس کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا متبادل پیش کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ تیزی سے غیرفعال ہوتی اسلامی تعاون تنظیم سعودی قیادت کے ماتحت کام کرتی ہے۔ تاہم پاکستان، کوالالمپور اجلاس کے لیے بہت پرجوش ہے، اس حوالے سے وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’کوالالمپور سمٹ پاکستان کو مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز خاص طور پر حکمرانی، ترقی، دہشت گردی اور اسلاموفوبیا کے پر تبادلہ خیال کرنے اور ان کے حل تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گی‘۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ ’ یہ اجلاس اس میں شریک ممالک کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا موقع بھی فراہم کرے گا‘۔

واضح رہے کہ رواں برس ستمبر میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ترکی، پاکستان اور ملائیشیا کی سہ فریقی ملاقات کے درمیان کوالالمپور اجلاس کے منصوبےکو حتمی شکل دی گئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 832459
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش