QR CodeQR Code

تعلیم یافتہ طبقہ میں تشدد کا رجحان افسوسناک، طاہر اشرفی

13 Dec 2019 19:47

پی یو سی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ وکلاء ،ڈاکٹر اور طلباء اگر قانون شکنی کریں گے تو معاشرے کے دیگر طبقات کا کیا ہوگا؟۔ لاہور میں ادارہ امراض قلب اور اسلام آباد کی اسلامک یونیورسٹی کے واقعات حکومت کیلئے امتحان ہیں، مجرمین کو نشان عبرت بنانے سے ہی امن و امان بحال اور قانون کی بالادستی قائم ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد والمدارس پاکستان حافظ طاہر اشرفی نے لاہور میں جامع مسجد خلفائے راشدین میں پیغام قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ طبقہ میں تشدد کا رجحان افسوسناک، قابل مذمت اور لمحہ فکریہ ہے۔ وکلاء ،ڈاکٹر اور طلباء اگر قانون شکنی کریں گے تو معاشرے کے دیگر طبقات کا کیا ہوگا؟۔ لاہور میں ادارہ امراض قلب اور اسلام آباد کی اسلامک یونیورسٹی کے واقعات حکومت کیلئے امتحان ہیں، مجرمین کو نشان عبرت بنانے سے ہی امن و امان بحال اور قانون کی بالادستی قائم ہوگی، معاشرتی رویوں کی اصلاح کیلئے قرآن و سنت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ و عاملہ 22 دسمبر کو ملک کے حالات کے حوالے سے اہم فیصلے کرے گی۔ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت امت کی بنیادی اساس ہے، اسلام سے خوفزدہ قوتیں اس پر حملہ آور ہونا چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی حدود پر حملہ کرنے کیلئے مسلسل کوشش کی جا رہی ہے، ایک طرف اسلام، اسلامی عقائد اور مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے دوسری طرف افواہ سازی کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے اور پاکستان میں مذہبی قوتوں اور ملک کی سلامتی کے اداروں افواج پاکستان کے درمیان تصادم کرانے کیلئے سازشیں ہو رہی ہیں، مدرسہ و مسجد کو متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ پاکستان کو کبھی بھی عدم استحکام سے دوچار نہیں ہونے دیں گے، وطن عزیز کی خاطر کل بھی ہماری جانیں حاضر تھیں آج بھی حاضر ہیں۔ ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل زخمی ہیں، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی ناگزیر ہے۔


خبر کا کوڈ: 832524

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832524/تعلیم-یافتہ-طبقہ-میں-تشدد-کا-رجحان-افسوسناک-طاہر-اشرفی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org