0
Friday 13 Dec 2019 19:54

وکلاء گردی ناسور کی شکل اختیار کر گئی ہے، محفوظ مشہدی

وکلاء گردی ناسور کی شکل اختیار کر گئی ہے، محفوظ مشہدی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما اور پی پی 68 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی نااہلی کے باعث پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے عوام کو حق نمائندگی سے محروم رکھا جارہا ہے۔ عمران خان کا وسیم اکرم پلس پنجاب میں کچھ کرتا نظر نہیں آ رہا۔ جو حکومت صوبے کے دل کے سب سے بڑے ہسپتال کو نہ بچا سکے اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو تحفظ فراہم نہ کرسکے، اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ پنجاب میں انارکی پھیل چکی ہے، وکلا گردی کے باعث عوام اور ہسپتال عملے میں خوف و ہراس پیدا ہو چکا ہے۔ اب وکلا میڈیا اور ججوں کو بھی دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔ انتظامی صلاحیتوں اور سیاسی بصیرت سے محروم عثمان بزدار پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی اہلیت نہیں رکھتے، انہیں پی آئی سی سانحہ کے بعد مستعفی ہو جانا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ وکلاء گردی ناسور کی شکل اختیار کر گئی ہے۔ اگر دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے تو وکلاء کے بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کو حکومت روکنے میں ناکام کیوں ہے؟ وکلا نے اس سے پہلے ججوں، ڈاکٹروں، صحافیوں اور سائلین پر بھی تشدد کرکے جہالت کا مظاہرہ کیا ہے۔ مگر کسی نے کوئی کارروائی نہیں کی، پولیس اور سول انتظامیہ بھی وکلا سے ڈرتی ہے۔ ماضی میں وکلا ملک کا تعلیم یافتہ طبقہ ہوا کرتا تھا مگر اب تشدد کے واقعات سے لگتا ہے کہ اب جاہل لوگ وکلا بن رہے ہیں، جنہیں کسی کا احترام اور نہ اخلاقیات ان کے قریب سے ہوکر گزری ہے۔
خبر کا کوڈ : 832526
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش