QR CodeQR Code

حکومت سیاست میں تلخیاں بڑھانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، اعجاز ہاشمی

13 Dec 2019 20:32

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ جس کا فائدہ غیر جمہوری قوتوں کو ہوگا، جمہوری عمل اور جمہوریت کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر باہمی افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کیا جائے، موجودہ حکومت سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع میں شرمندگی کے بعد بھی اپنی سمت درست کرنے کیلئے تیار نظر نہیں آرہی۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سیاست میں تلخیاں بڑھانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، جس کا فائدہ غیر جمہوری قوتوں کو ہوگا، جمہوری عمل اور جمہوریت کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر باہمی افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کیا جائے، موجودہ حکومت سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع میں شرمندگی کے بعد بھی اپنی سمت درست کرنے کیلئے تیار نظر نہیں آرہی، اب الیکشن کمشن کے معاملے میں بھی جس انداز سے اپوزیشن کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی گئی ہے، واضح ہوگیا ہے کہ عمران حکومت نااہلوں کا ٹولہ ہے، جن سے مہنگائی پر قابو پایا جا سکا ہے اور نہ ہی عام آدمی کو اشیائے خورونوش میں ریلیف دیا جا سکا ہے۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو الیکشن کمیشن کی تشکیل کیلئے اپوزیشن کے تعاون کی ضرورت ہے مگر یہ واحد حکومت ہے کہ جس سے اپوزیشن تعاون کیلئے تیار ہے لیکن حکومت تعاون لینا ہی نہیں چاہتی۔

پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن رہنماوں میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی تعصب کی حدتک غیر اخلاقی طریقے سے میڈیا ٹرائل کے ذریعے کردار کشی کی جاتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ الیکشن کمشن جیسے ادارے کو متنازع یا غیر فعال بنانے سے گریز کیا جائے، ورنہ الزام پارلیمنٹ پر آئے گا کہ سیاستدان کچھ کرنے کے قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے عالمی سطح پر شرمندگی اور سبکی کیساتھ جمہوری اداروں پر سوالات بھی اٹھیں گے اور ریاست کو نقصان ہوگا۔ ٰلہذا حکومت ہوش مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپوزیشن سے بہتر تعلقات پیدا کرے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی لندن رہائش گاہ کے باہر احتجاج کا انتظام کرنے والوں اور ڈان گروپ کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے والوں کی تحقیقات کرکے ان واقعات کے پیچھے محرکات سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 832535

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832535/حکومت-سیاست-میں-تلخیاں-بڑھانے-کے-ایجنڈے-پر-عمل-پیرا-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org