0
Friday 13 Dec 2019 23:32

پاراچنار میں بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، بل ادا نہ کرنیکا اعلان

پاراچنار میں بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، بل ادا نہ کرنیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم کے طوری بنگش قبائل نے بجلی کا بل ادا نہ کرنے کا اعلان کر دیا ،جب تک بجلی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جاتی ہم بل ادا نہیں کریں گے، طوری بنگش قبائل کے عمائدین کا واپڈا کے خلاف جلسے سے خطاب۔ پاراچنار میں مرکزی جامع مسجد سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے فوراً بعد ضلع کرم میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کے خلاف جلوس نکالا گیا، جس میں ہزاروں افراد شریک تھے۔ جلوس کے شرکاء واپڈا اور انتظامیہ کے خلاف نعرے لگا تے ہوئے اور مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب اور اس کے بعد پاک آرمی اور نئی قائم عدالت کے سنگم میں مین روڈ پر پہنچے، جہاں پر جلوس نے جلسے کی شکل اختیار کی۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری انجمن حسینیہ حاجی سردار حسین اور تحریک حسینی کے صدر علامہ یوسف حسین نے واپڈا کے ناروا سلوک اور ضلع کرم میں بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا حکام ہماری شرافت کا ناجائز فائدہ نہ اٹھائیں، بجلی بند کرکے ہم سے روزگار چھینا گیا، ہمارے کاروباری مراکز بند ہوگئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے نوجوان بےروزگار ہوگئے اور پاراچنار میں لوگ پانی کے بوند بوند کے محتاج کردئیے گئے، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، اگر آنے والے جمعہ تک بجلی کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ہم اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پورے ضلع کرم کے عوام کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دیں گے، انہوں نے واپڈا کے تمام لوکل ملازمین کا پاراچنار اور کرم سے تبادلے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کے تمام ملازمین کمیشن خور اور سنگین قسم کی بدعنوانی اور رشوت خوری میں ملوث ہیں، انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ چھپری میں اشیاء خور و نوش خصوصاً آٹا پر ٹیکس لگا کر بجلی کی مد میں کروڑوں اربوں روپے لئے گئے، اس کا حساب بھی عوام کو دیا جائے۔
انہوں نے کرم انتظامیہ اور سول انتظامیہ کی بھی شدید مذمت کی کہ اپنے لئے شب و روز جنریٹر چلا رہے ہیں جبکہ عوام کے گھروں میں تاریکی پر وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ضلع کرم میں بجلی کا یہ جعلی بحران ختم نہ کیا گیا تو ہم مجبورا چھپری سے پیواڑ اور تری تک روڈ بند کردیں گے۔
خبر کا کوڈ : 832574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش