0
Friday 13 Dec 2019 23:56

پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کو سلیکٹیڈ حکمران اور سلیکٹر دونوں قبول نہیں، بلاول بھٹو

پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کو سلیکٹیڈ حکمران اور سلیکٹر دونوں قبول نہیں، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ کو خواب میں نظر آتا ہے کہ اسے سندھ حکومت مل رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 27 دسمبر کو اسی مقام پر جلسہ رکھا ہے جس شہر میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور بے نظیربھٹو کو شہید کیا گیا، پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی بہت کوشش کی گئی مگر پارٹی ختم نہ ہوئی ہم پھر روالپنڈی آ رہے ہیں، پیپلزپارٹی کا ہر کارکن اور اس ملک کے عوام بھٹو کے نقش قدم پر چل کر اپنی منزل پر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ضیاء اور مشرف آمریت کا مقابلہ کیا، سلیکٹڈ حکمرانوں کا بھی مقابلہ کریں گے ہم 27 دسمبر کو راولپنڈی آ رہے ہیں، ملک گیر تحریک کے لیے عوامی پالیسی کا اعلان کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم آج یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کو سلیکٹیڈ حکمران اور سلیکٹر دونوں قبول نہیں، جب سازش کرکے حکومتیں بٹھائی جاتی ہیں تو وہ عوام کا سوچنے کی بجائے اپنے سلیکٹر کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں، آج عوامی اور منتخب حکومت ہوتی تو کبھی غریب کا معاشی قتل نہ ہوتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 27 دسمبر کو راولپنڈی میں عوامی پالیسی کا اعلان کریں گے، پنجاب کے بعد بلوچستان اور خیبر پختون خوا جائیں گے، رائے عامہ بیدار کرنے کے لیے پیپلزپارٹی 27 دسمبر کے بعد ملک گیر مہم چلائے گی، مجھے یقین ہے لوگ شہید بے نظیربھٹو کی طرح میرا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی رہائی خوشی کی خبر ہے وہ کراچی میں رہیں گے، ہم ان کا علاج کراچی میں ہی کرائیں گے، ہمارے خلاف سندھ میں ہر دو گھنٹے بعد سازش کی جاتی ہے، سلیکٹڈ کو خواب میں نظر آتا ہے کہ اسے سندھ حکومت مل رہی ہے، یہ چاہتے ہیں کہ جس طرح باقی صوبوں میں کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ہیں سندھ میں بھی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ ہو اور سندھ کا کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمران نیازی کے اشاروں پر چلے۔
خبر کا کوڈ : 832583
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش