QR CodeQR Code

کے پی ترقیاتی منصوبے، مزید 10 ارب 56 کروڑ جاری

14 Dec 2019 12:14

تقریب سے خطاب میں وزیراعلٰی محمود خان نے کہا کہ فنڈز کی بروقت فراہمی صوبائی حکومت کے بہتر مالی انتظامی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ دریں اثنا، وزیراعلٰی کے پی نے تمام زیر تکمیل منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کی حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مزید 10 ارب 56 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا گیا، صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مزید 10 ارب 56 کروڑ روپے جاری کر دیئے گئے۔ کے پی حکومت کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق فنڈز نئی پالیسی کے تحت جاری کئے گئے ہیں، جاری ترقیاتی اسکیم کے فنڈز دوسرے منصوبوں کو منتقل نہیں کئے جائیں گے، یہ فنڈز مختلف محکمہ جات کو جاری کئے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر پختونخوا حکومت نے 100 فیصد فنڈز 70 سے زائد پروجیکٹس کیلئے جاری کئے ہیں، بڑے منصوبوں کیلئے سالانہ بجٹ میں رقم مختص کی گئی تھی، تمام منصوبوں کیلئے 19 ارب جاری کئے گئے ہیں۔

وزیراعلٰی کے پی محمود خان نے کہا ہے کہ فنڈز کی بروقت فراہمی صوبائی حکومت کے بہتر مالی انتظامی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ دریں اثنا، وزیراعلٰی کے پی نے تمام زیر تکمیل منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعلٰی نے کہا کہ ہم پورے صوبے کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں، تاہم دیر کی پس ماندگی کو دیکھتے ہوئے ماضی کے مقابلے میں رواں ترقیاتی پروگرام میں زیادہ اسکیمیں رکھی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ سی اینڈ ڈبلیو، آب پاشی اور پبلک ہیلتھ کیلئے 9 ارب روپے ایک ہفتہ قبل جاری کئے گئے تھے، جبکہ آج مزید 10 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے گئے۔ تعلیم، صحت، جنگلات، انرجی اینڈ پاور اور معدنیات سمیت تمام اہم شعبوں کے پراجیکٹس کو فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔

اسپورٹس، سیاحت، امور نوجوانان اور بلدیات کے تمام فنڈز بھی ریلیز کر دیئے گئے۔ 70 بڑے منصوبوں کیلئے 10 بلین روپے کی منظوری خیبر پختونخوا کابینہ نے مختلف اجلاسوں میں دی تھی، محکمہ ریلیف کیلئے مختص تمام رقم 2004ء ملین روپے جاری کئے گئے، محکمہ کھیل کیلئے تمام 500 ملین روپے بھی جاری کر دیئے گئے، شہر میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے مختص 4089 ملین بھی یکمشت جاری کئے گئے، رنگ روڈ، نیا جنرل بس اسٹینڈ، اپ لفٹ پروگرام اور بیوٹیفیکیشن منصوبوں کے تمام فنڈز بھی جاری کئے گئے۔ فنڈز کی ریلیز سے تمام زیر تکمیل منصوبے بروقت مکمل کئے جاسکیں گے، ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کی مزید بہتری کیلئے بھی 300 ملین جاری کیے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 832650

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832650/کے-پی-ترقیاتی-منصوبے-مزید-10-ارب-56-کروڑ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org