0
Saturday 14 Dec 2019 14:35

آصف زرداری سندھ حکومت کے سرکاری طیارے میں کراچی پہنچ گئے

آصف زرداری سندھ حکومت کے سرکاری طیارے میں کراچی پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ بدعنوانی کے مقدمات میں ضمانت پر رہائی کے بعد سابق صدر  آصف علی زرداری بغیر استحقاق سندھ حکومت کے سرکاری طیارے میں اسلام آباد سے کراچی پہنچے۔ سابق صدر پاکستان آصف زرداری کو لانے والے طیارے لیزر جیٹ 45 نے اسلام آباد ائیرپورٹ سے شام 7 بج کر 25 منٹ پر ٹیک آف کیا، یہ خصوصی فلائٹ کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمنل ون پر رات 9 بج کر 9 منٹ پر لینڈ ہوئی۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ سفر کیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ حکومت کا یہ طیارہ وزیراعلیٰ سندھ کو خصوصی سرکاری سفر کے لئے دیا گیا ہے، تاہم اپنے سیاسی قائد کو لینے کے لئے وہ یہ طیارہ لے کر اسلام آباد پہنچے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے اسلام آباد کے سفر کا کوئی اور سرکاری جواز بھی ظاہر نہیں کیا، مراد علی شاہ خود آصف علی زرداری کو لےکر ائیرپورٹ پہنچے۔ سندھ حکومت کے طیارے ایل جے 45 نے غیر معمولی رفتار سے کراچی کا سفر کیا اور حیرت انگیز طور پر طیارے کا کوئی فلائٹ کوڈ نہیں تھا، فلائٹ اسٹیٹس میں پرواز کے اُڑنے کا مقام اور منزل بھی ظاہر نہیں تھی۔  40 ہزار فٹ سے زائد کی بلندی پر سفر کرتے ہوئے لیزر جیٹ 45 اسلام آباد ائیرپورٹ سے اڑان کے بعد ایک گھنٹہ 45 منٹ میں کراچی پہنچا۔

سندھ حکومت کے ترجمان رشید چنا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری سندھ میں حکمران پارٹی کے سربراہ اور سندھ سے رکن قومی اسمبلی ہیں، وہ اب گرفتار نہیں بلکہ ضمانت پر ہیں۔  ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس طیارے میں سفر کر رہے تھے، ان کے بیشتر دوروں میں کئی کئی سرکاری عہدیدار ان کے ہم سفر ہوتے ہیں، ایسے میں اگر سابق صدر اور ایم این اے آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کے طیارے میں سفر کرلیا تو کوئی غیر قانونی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کی تھی۔ عدالت نے آصف زرداری کی جانب سے ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع  ہونے کے بعد سابق صدر کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 832693
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش