0
Saturday 14 Dec 2019 22:04

ایم کیو ایم بار بار سندھ میں نیا صوبہ بنانے کا مطالبہ کرکے فسادات کروانا چاہتی ہے، اسماعیل راہو

ایم کیو ایم بار بار سندھ میں نیا صوبہ بنانے کا مطالبہ کرکے فسادات کروانا چاہتی ہے، اسماعیل راہو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم بار بار سندھ میں نیا صوبہ بنانے کا مطالبہ کرکے فسادات کروانا چاہتی ہے۔ پی پی رہنما اسماعیل راہو نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا کہ ہم ایم کیو ایم کی اس حرکت کی سخت مذمت کرتے ہیں، یہ جماعت خود کو زندہ رکھنے کے لئے بار بار تقسیم کی بات کر رہی ہے۔ اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ بہادر آباد تک محدود یہ جماعت صوبہ تقسیم کرنے والا بل قومی اسمبلی سے واپس لے اور سندھ کے عوام سے معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دھرتی ماں نے جس طرح تمام باہر سے آنے والوں کو پناہ دی اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ باہر سے آنے والا کوئی بھی اسے توڑنے کی بات کرے۔

صوبائی وزیر نے ایم کیو ایم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کی تقسیم کو چھوڑیں، اپنی جماعت کو مزید تقسیم سے بچائیں کیونکہ فروغ نسیم کی سربراہی میں اس جماعت کا ایک اور دھڑا بننے والا ہے۔ پی پی رہنما نے کہا کہ دھرتی ماں کی تقسیم کی بات پر پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کی خاموشی افسوس ناک ہے، کیا پی ٹی آئی اور جی ڈی اے بھی اس سازش کا حصہ ہیں؟ اسماعیل راہو کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اب بھی لندن سے آنے والے اشاروں پر چل رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 832794
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش