0
Sunday 15 Dec 2019 08:17

عمران خان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

عمران خان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک، سعودیہ دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان دونوں برادر اسلامی ممالک پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط بنانے کے لیے ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔ عمران خان اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے، جہاں رائل ٹرمینل پر مدینہ کے ڈپٹی گورنر وحیب السہلی اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے ان کا استقبال کیا۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت، پاک سعودی تعلقات، خطہ میں امن و استحکام، مشرق وسطی کے تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنے اور تناؤ کم کرنے میں کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان خطے اور دنیا کے امن کے لیے تمام تر کوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔

ملاقات میں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار اور اتفاق کیا کہ سعودی پاکستان سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط کیا اس لیے آئندہ سال کونسل کے دوسرے اجلاس میں کوآرڈی نیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ عمران خان نے محمد بن سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا اور لائن آف کنٹرول پر جاری بھارتی جارحیت پر بھی اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ میں فعال کردار سمیت حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا، دونوں فریقین نے او آئی سی اور دیگر ذرائع سے کشمیر کاز کو مزید آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی، سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مئی 2019ء کے بعد وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا، مسلسل روابط اس اسٹریٹجک شراکت داری کی اہمیت کی عکاسی کرتے ہیں، اعلامیہ دونوں ممالک کی قیادت پاکستان سعودی تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لیے پرعزم ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے جی 20 کی صدارت ملنے پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سعودی قیادت کا عالمی کمیونٹی میں کردار کا عکس ہے، ولی عہد محمد بن سلمان کا رواں سال فروری میں دورہ پاکستان انتہائی اہم رہا جس میں سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوا۔
خبر کا کوڈ : 832834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش