0
Sunday 15 Dec 2019 14:42

غزہ کے عیسائیوں کو شہر قدس میں داخلے سے روکنے کا اسرائیلی اقدام کھلی نسل پرستی ہے، حماس

غزہ کے عیسائیوں کو شہر قدس میں داخلے سے روکنے کا اسرائیلی اقدام کھلی نسل پرستی ہے، حماس
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ کے فلسطینی عیسائیوں کیخلاف غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کیطرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حماس کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ باسم نعیم نے اپنے ایک بیان میں غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کیطرف سے غزہ کی پٹی میں مقیم عیسائی فلسطینیوں کو مقبوضہ قدس اور بیت اللحم میں منعقد ہونیوالی نئی سال کی تقریبات میں شرکت کرنے سے روک دینے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے عیسائیوں کو شہر قدس میں داخلے سے روکنے کا اسرائیلی اقدام کھلی نسل پرستی ہے۔ مقبوضہ فلسطین کے دو اہم تاریخی شہروں قدس اور بیت اللحم میں عیسائیوں کیطرف سے نئے سال کی تقریبات اگلے ہفتے شروع ہو رہی ہیں۔

حماس کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ باسم نعیم نے اپنے بیان میں کہا کہ غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کی اس سیاست نے جو اسکے خاص مقاصد پر مبنی ہے اور ہر سال دہرائی جاتی ہے اسرائیل میں حد سے زیادہ پائی جانیوالی نسل پرستی کو ظاہر کر دیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ جمہوریت اور انسانی حقوق پر مبنی اسرائیلی دعووں کی قلعی کو بھی کھول کر رکھ دیا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی حکام نے گزشتہ سال بھی ایسا ہی فیصلہ کیا تھا لیکن بین الاقوامی سطح پر ہونے والی تنقید اور ڈالے جانیوالے دباؤ کے زیراثر وہ نئے سال کے جشن کے شروع ہونے سے چند روز قبل ہی اپنے اس فیصلے کو واپس لینے پر مجبور ہر ہو گئے تھے۔

اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی میں صرف چند ہزار عیسائی مقیم ہیں جنکے لئے مقبوضہ بیت المقدس اور بیت اللحم دینی اعتبار سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ حماس کے بین الاقوامی شعبے کے سربراہ باسم نعیم نے اپنے بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کیطرف سے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق پر عملدرآمد اور غزہ میں محصور عیسائی فلسطینیوں کو گزرنے کی آزادی دیئے جانے کیلئے اسرائیلی حکومت پر دباؤ ڈالے۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے 2006ء میں فلسطینی پارلیمانی انتخابات میں حماس کی فتحیابی کیبعد سے غزہ کی پٹی میں ساکن 20 لاکھ فلسطینیوں کا زمینی، سمندری اور ہوائی محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 832896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش