QR CodeQR Code

شہدائے آرمی پبلک اسکول کی یاد کو زندہ رکھنا ہمارا قومی فریضہ ہے، آئی ایس او

15 Dec 2019 15:43

اپنے بیان میں آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس نے کہا کہ سانحہ پشاور میں ننھی جانوں نے بڑی ہمت اور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کی سفاکیت اور ہماری صفوں میں موجود دہشتگردی کے حامیوں کے اصل چہرے کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس کا کہنا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کی یاد منانا ہم سب کا قومی فریضہ ہے، کیونکہ 16 دسمبر 2014ء میں معصوم بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ اس وطن کو پیش کیا، سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور دراصل تعلیم کا قتل ہے، دہشتگرد سمجھتے تھے کہ طالب علموں کو مار کر وہ پاکستان میں تعلیمی نظام اور تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچا کر ان کو مسمار کر دینگے. مگر سلام ہو ان کمسن بچوں پر جنکے لہو کی بدولت دہشت گردوں اور دہشت گردی کو ناکامی کا چہرہ دیکھنا پڑا۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ سانحہ پشاور میں ننھی جانوں نے بڑی ہمت اور طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کی سفاکیت اور ہماری صفوں میں موجود دہشتگردی کے حامیوں کے اصل چہرے کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا۔

ڈویژنل صدر نے کہا کہ شہدائے آرمی پبلک اسکول کی قربانیوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے حوصلے کو مزید بلند کیا اور یہ درس بھی دیا کہ چاہے جان بھی قربان کرنی پڑے مگر تعلیم کے میدان کو کبھی خالی نہیں چھوڑا جا سکتا اور طالبِ علموں کو شہید کرکے علم کی روشن شمع کو نہیں بجھایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ان معصوم بچوں سے عہد کا دن ہے کہ ہم انکی اس عظیم الشان قربانی کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے اور ہم انکے خون کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے، تعلیم کے میدان میں ہمیشہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے مصروفِ عمل رہیں گے اور جس جذبے سے ان بچوں نے ظلم و بربریت اور دہشتگردی کا سامنا کیا، ہم بھی ان کی راہ کو جاری رکھیں گے۔


خبر کا کوڈ: 832902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832902/شہدائے-ا-رمی-پبلک-اسکول-کی-یاد-کو-زندہ-رکھنا-ہمارا-قومی-فریضہ-ہے-ا-ئی-ایس-او

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org