QR CodeQR Code

سامراجی قوتیں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتی، ثروت اعجاز قادری

15 Dec 2019 23:35

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ بھارت کو اسی کی زبان میں جواب دینا لازم ہو چکا ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے حکمران بھارت پر دباﺅ بڑھائیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک دشمن سامراجی قوتیں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتی، کشمیر کے عوام کو آزادی دیئے بغیر خطے میں مستقل بنیادوں پر امن قائم نہیں ہو سکتا، اقوام متحدہ کو امریکا کی باندی بنا دیا گیا ہے، او آئی سی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مسلم ممالک کے جذبات بالخصوص کشمیریوں کی ترجمانی کرے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اسے حاصل کرکے دم لیں گے، کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے، پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیر کی آزادی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، عمران حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی راہ میں اقوام متحدہ کا اسلام دشمن رویہ سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سوڈان اور انڈونیشیا کو توڑنے کیلئے اقوام متحدہ دیر نہیں لگاتی، لیکن نصف صدی سے فلسطین اور کشمیر میں لاکھوں مسلمان ذبح کئے جا رہے ہیں اور ان کی آواز پر کان تک نہیں دھرا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری تعصب اور دوہرے معیار کو چھوڑ کر کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد انسانوں کا مسئلہ حل کرائے، وگرنہ فلسطین اور کشمیر کے حل طلب مسائل پوری دنیا میں بدامنی اور عدم استحکام کا ذریعہ بنے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اسی کی زبان میں جواب دینا لازم ہو چکا ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے حکمران بھارت پر دباﺅ بڑھائیں۔


خبر کا کوڈ: 832941

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/832941/سامراجی-قوتیں-مسئلہ-کشمیر-کا-حل-نہیں-چاہتی-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org