QR CodeQR Code

مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف حالت جنگ میں ہے، عارف علوی

16 Dec 2019 12:11

عارف علوی کا بھارت میں جاری مسلمانوں پر مظالم سے متعلق کہنا ہے کہ مودی حکومت ہندوتوا کے ظالمانہ نظریے کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی مسلمانوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بھارت میں جاری مسلمانوں پر مظالم سے متعلق کہنا ہے کہ مودی حکومت ہندوتوا کے ظالمانہ نظریے کو استعمال کرتے ہوئے بھارتی مسلمانوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز ایک بھارتی لڑکی کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ اب تک بھارت سے ہزاروں پیغامات موصول ہو چکے ہیں جس میں سے ایک پیغام کو ٹوئٹ کے ذریعے شیئر کر رہا ہے ہوں۔‘ صدر عارف علوی کی جانب سے شیئر کیے گئے ٹوئٹ میں ایک بھارتی مسلمان لڑکی روتے ہوئے نئی دہلی کی جامعہ ملیہ یونیورسٹی کے اندر بھارتی پولیس کا لڑکیوں پر بہیمانہ تشدد کے حوالے سے بتا رہی ہے، لڑکی کا ویڈیو میں کہنا ہے کہ امام مسجد کے مطابق بھارتی پولیس نے مسجد میں گھس کر لڑکیوں پر بے انتہا ظلم کیا ہے اور انہیں مارا پیٹا ہے، لڑکیوں کے پاؤں پر اتنی لاٹھیاں ماری ہیں کہ ان کے دونوں پاؤں ٹوٹ گئے ہیں۔ بھارتی پولیس کی جانب سے امام صاحب کو بھی لاٹھی چارج کا نشانہ بنایا گیا۔‘

واضح رہے کہ بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت بی جے پی نے رواں سال کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق آئین کا آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا تھا بعدازاں شہریت کا متنازع بل کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا سے منظور کروانے کے بعد اسے قانون کا درجہ دے دیا جس کے تحت پاکستان، افغانستان اور بنگلا دیش سے آنے والے غیر مسلم تارکین کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمانوں کو شہریت نہیں دی جائے گی۔ بھارت کی جانب سے شہریت سے متعلق متنازع بل کے خلاف آسام اور مدھیہ پردیش سمیت 6 ریاستوں نے اس قانون کو لاگو کرنے سے انکار کر دیا ہے اور مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر مظاہرے بھی کیے جا رہے ہیں جس میں اب تک 6 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 833013

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/833013/مودی-حکومت-مسلمانوں-کے-خلاف-حالت-جنگ-میں-ہے-عارف-علوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org